عطا قاسمی نے توا سلیپر اور نمک دانی بھی پی ٹی وی فنڈ سے لی سپریم کورٹ

لاہور میں پی ٹی وی کا کیمپ آفس کھول رکھا تھا، بیٹے کو ساڑھے 8 لاکھ اسکرپٹ کے ملتے تھے، کیوں نہ آڈٹ کرا لیں، چیف جسٹس

پرویز رشید صاحب آپ کی چوائس اچھی نہیں رہی، خود سوچیں، ریاست کا پیسہ کس طرح ضائع کیا گیا، عدالت، معاملہ نیب کو بھیجنے کا عندیہ۔ فوٹو:فائل

سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ عطاالحق قاسمی گھرکیلیے بالٹی اور نمک دانی بھی خریدتے رہے تاہم کسی نے تو ان سب کا حساب دینا ہے۔

چیف جسٹس جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں فل بینچ نے سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کی تعیناتی سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ سنا ہے عطاالحق قاسمی نے لاہور میں پی ٹی وی کا کیمپ آفس کھول رکھا تھا اور کچھ خریداریاں بھی کی ہیں، عطاالحق قاسمی کے بیٹے کو ساڑھے 8 لاکھ روپے اسکرپٹ کے بھی دیے جاتے رہے۔


چیف جسٹس نے سابق وزیر اطلاعات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پرویز رشید صاحب آپ کی چوائس اچھی نہیں رہی، آپ خود منصف بن کر سوچیں، ریاست کا پیسہ کس طرح ضائع کیا گیا، یا تو یہ معاملہ آڈٹ کیلیے بھجوا دیا جائے جبکہ ایک طریقہ معاملہ نیب کو بھجوانے کا بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہعطاالحق قاسمی گھرکیلیے بالٹی اور نمک دانی بھی خریدتے رہے، کسی نے تو ان سب کا حساب دینا ہے، فرگوسن یا کسی دوسری فرم سے آڈٹ کرائیں گے، اگر تعیناتی میں اقربا پروری ہوئی تو نیب جائزہ لے گا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ روٹی پکانے والا توا بھی خریدا گیا، سلیپر بھی پی ٹی وی کے فنڈ سے لیے گئے،کیوں نہ عطاالحق پر اٹھنے والے اخراجات کا آڈٹ کرا لیں؟ عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کر دی اور نجی آڈٹ کمپنی کے نمائندے کو طلب کرتے ہوئے کہا دیکھنا ہے کہ آڈٹ کرانے کی حدود و قیودکیا ہوںگی، چیف جسٹس نے کہا کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد نے وکیل کرنا ہے تو وہ بھی کر لیں۔
Load Next Story