پی ایس ایل کا جوش اور فائنل کی تیاریاں عروج پر

فائنل سے قبل ہی ملک میں پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے جوش و خروش پایا جارہا ہے

فائنل سے قبل ہی ملک میں پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے جوش و خروش پایا جارہا ہے . فوٹو : فائل

انتظامیہ کی طرف سے پوری کوشش کی جارہی ہے کہ کراچی میں 25 مارچ کو ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے میگا ایونٹ کو تاریخی ایونٹ بنانے میںکسی قسم کی کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

اس سلسلے میں نیشنل اسٹیڈیم کے اندرونی انتظامات کو این ایل سی اور پی سی بی کی معاونت سے کم و بیش مکمل کرلیا گیا ہے اور تزئین و آرائش کا کام 15 مارچ تک مکمل ہوجائے گا، کھلاڑیوں کی کراچی آمد، وہاں سے ہوٹل میں قیام اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک کے تمام راستوں کی خوبصورتی کے لیے انتظامات کیے جارہے ہیں، جب کہ شائقین کرکٹ کے لیے مزار قائد، الہ دین پارک اور پی اے ایف کے نزدیک سے شٹل سروس کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بلاشبہ شٹل سروس فراہم کرکے شائقین کرکٹ کو اسٹیڈیم تک پہنچنے کی بہتر سہولت فراہم کی جائے گی، جس کے سبب سیکیورٹی اقدامات کے تحت شائقین ایک طویل راستہ پیدل چلنے کی زحمت سے بچ سکیں گے۔


جمعہ کے روز نیشنل اسٹیڈیم میں شہری سہولیات کی فراہمی کی کمیٹی برائے فائنل پی ایس ایل کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر پی ایس ایل کے فائنل کے لیے بنائی جانے والی اس کمیٹی کا مقصد عوام کو تمام تر سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ میچ سے قبل اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم کے باہر پانی، سیوریج، سڑکوں کی تیاری سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی اور شائقین کے لیے اسٹیڈیم تک رسائی اور واپسی کے لیے ٹرانسپورٹ شٹل سروسز سمیت دیگر تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

دوسری جانب فائنل سے قبل ہی ملک میں پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے جوش و خروش پایا جارہا ہے، ملک بھر میں شائقین کرکٹ دبئی میں ہونے والے ابتدائی میچ ٹی وی پر دیکھ رہے ہیں جب کہ دبئی اسٹیڈیم میں پاکستان سے فنون لطیفہ، شوبز اور سیاست سے وابستہ شخصیات میچ دیکھنے کے لیے موجود ہیں۔ یہ حقیقت ہے کہ پی ایس ایل دنیائے کرکٹ میں پاکستان کی پہچان بن گئی ہے، پاکستان سپر لیگ کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ہر سال پاکستان کرکٹ کو دو تین اچھے کھلاڑی مل رہے ہیں۔ پی ایس ایل فائنل کے بعد تین میچوں کا پاکستان میں انعقاد خوش آیند علامت ہے اور آیندہ برسوں میں پاکستان میں مزید میچز بھی ہوں گے اور اسی طرح ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔ پی ایس ایل فائنل کے کامیاب انعقاد سے دنیا کے سامنے پاکستان کا بہتر امیج پیش کیا جاسکتا ہے، پوری قوم اس ایونٹ کو یادگار بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
Load Next Story