شمالی کوریا پر تاریخ کی سخت ترین پابندیاں

شمالی کوریا کا تنازعہ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوتا نظر آ رہا ہے

شمالی کوریا کا تنازعہ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوتا نظر آ رہا ہے۔فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے خلاف تاریخ کی سب سے سخت پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ پابندیاں شمالی کوریا سے منسوب ہر قسم کی جہاز رانی پر لگائی جائیں گی۔

صدر ٹرمپ نے اپنی تقریر میں اپنے اتحادی ملکوں پر زور دیا کہ وہ بھی شمالی کوریا پر سخت ترین پابندیوں کے نفاذ میں امریکا کا ساتھ دیں تاکہ شمالی کوریا اپنے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری کا پروگرام ''رول بیک'' کر دے۔

امریکی وزیر خزانہ سٹیو منچن نے تصدیق کی کہ امریکا ماضی میں مختلف ملکوں پر جو پابندیاں لگاتا رہا ہے شمالی کوریا کے خلاف عائد کی جانے والی تازہ پابندیاں ان سب سے کہیں زیادہ سخت ہوں گی جن کا اطلاق ان تمام بحری جہازوں پر ہو گا جو شمالی کوریا استعمال کرتا ہے یا کرتا رہا ہے۔ وہائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے کہا امریکا کو امید ہے کہ تاریخ میں سب سے زیادہ سخت پابندیاں شمالی کوریا کو وسیع تباہی کے ہتھیاروں کا پروگرام ترک کرنے پر مجبور کر دیں گی۔

امریکی ایوان صدر کی خاتون ترجمان نے کہا انھیں امید ہے کہ صدر ٹرمپ اعلان کردہ پابندیوں میں کسی قسم کی نرمی کرنے کی غلطی کا اعادہ نہیں کریں گے جو امریکا کی سابقہ انتظامیہ کرتی رہی ہے۔


امریکی ترجمان نے مزید کہا کہ شمالی کوریا وسیع تباہی کے ہتھیاروں کی تیاری کے ساتھ ساتھ دور دراز مار کرنے والے راکٹوں کی تیاری بھی کر رہا ہے جو ایٹمی ہتھیار دور دراز لے کر جا سکتے ہیں جن کے ذریعے امریکا کے اہم شہروں کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے لہٰذا شمالی کوریا پر تازہ ترین جو پابندیاں عائد کی گئی ہیں ان کا بنیادی مقصد امریکی سرزمین کا تحفظ ہے۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ امریکی بحریہ ان جہازوں کے خلاف بھی کارروائی کرے گی جن پر انھیں پابندیوں کی خلاف ورزی کا شبہ ہو گا۔ نیز امریکا کے ساحلی محافظوں کو ایشیا بحرالکاہل کے علاقے میں بھی تعینات کر دیا گیا ہے۔ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ امریکا جاپان' آسٹریلیا' جنوبی کوریا اور سنگاپور سے بھی اس حوالے سے تعاون طلب کر لے گا۔

شمالی کوریا کا تنازعہ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوتا نظر آ رہا ہے' ایسا محسوس ہوتا ہے کہ امریکا اور اس کے اتحادی ممالک شمالی کوریا کے خلاف جارحیت کے لیے مناسب وقت اور موقع کی تلاش میں ہیں' جیسے ہی انھیں موقع ملا' وہ شمالی کوریا کو بھی عراق' لیبیا اور شام بنانے سے دریغ نہیں کریں گے' پاکستان کے پالیسی سازوں کو اس پیشرفت کا گہرائی سے جائزہ لینا چاہیے۔

یہ حقیقت ہے کہ شمالی کوریا کے لیے نئی پابندیاں بہت سے مسائل پیدا کریں گی' عوامی جمہوریہ چین شمالی کوریا پر حملے کا مخالف ہے' وہ شمالی کوریا کی اقتصادی امداد بھی کر رہا ہے لیکن آخر کب تک' یوں دیکھا جائے تو مستقبل قریب میں دنیا ایک نئے بحران کا شکار ہوتی نظر آ رہی ہے۔

 
Load Next Story