ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں بابر اعظم ٹاپ پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھے

منرو اور میکسویل کی ترقی نے پاکستانی اسٹارکو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا، بولنگ میں عماد وسیم کی 3 درجے بہتری

منرو اور میکسویل کی ترقی نے پاکستانی اسٹارکو تیسرے نمبر پر دھکیل دیا، بولنگ میں عماد وسیم کی 3 درجے بہتری۔ فوٹو: نیٹ

MANSEHRA:
ٹوئنٹی 20 بیٹنگ رینکنگ میں بابراعظم ٹاپ پوزیشن سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

نیوزی لینڈ کے بیٹسمین کولن منرو نے آسٹریلیا اور انگلینڈ کے خلاف سہ ملکی ٹوئنٹی 20 سیریز میں 176 رنز بنائے جس میں 2 ففٹیز بھی شامل تھیں جبکہ اسٹرائیک ریٹ 210 کے قریب تھا، اس شاندار پرفارمنس کی بدولت انھیں تین درجہ ترقی نے نمبر ون پوزیشن دلادی جبکہ اسی سیریز میں اچھی کارکردگی کا صلہ 5 درجہ ترقی سے پاکر گلین میکسویل دوسرے نمبر پر پہنچ گئے۔

ان دونوں کی ترقی کے باعث پاکستان کے بابر اعظم کو دو درجہ تنزلی کا سامنا کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر جانا پڑا۔ گلین میکسویل کو آل راؤنڈرز میں نمبر ون پوزیشن حاصل ہوئی ہے۔


بولرز میں افغانستان کے راشد خان نے نمبر ایک پوزیشن کو اپنے قبضے میں کرلیا ہے۔ ماضی میں اس طرز کے ٹاپ بولر کااعزاز حاصل کرنے والے عماد وسیم کو 3 درجے ترقی حاصل ہوئی جس کی بدولت وہ چوتھے جبکہ شاداب خان ایک درجہ بہتری سے 13 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں، انگلینڈ کے عادل رشید ایک ساتھ 8 درجے کی چھلانگ سے ٹاپ 20 میں شامل ہوتے ہوئے 15 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ جیمز فالکنر کو 9 درجے تنزلی نے 18 ویں نمبر پر پہنچادیا ہے۔

اگرچہ ٹیم رینکنگ میں پاکستان بدستور نمبر ون پوزیشن پر فائز ہے تاہم اس پر آسٹریلوی ٹیم کی جانب سے بے پناہ دباؤ بڑھ گیا ہے جوکہ صرف چند اعشاریائی پوائنٹس کے فرق سے دوسرے نمبر پر موجود ہے، تیسرے نمبر پر موجود بھارت کے پوائنٹس 122 ہوچکے ہیں، ساتویں پوزیشن کی حامل جنوبی افریقی ٹیم کو بھی ایک پوائنٹ کی کٹوتی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نیوزی لینڈ چوتھے، ویسٹ انڈیز پانچویں اور انگلینڈ چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ سری لنکا کا آٹھواں، افغانستان کا نواں اور بنگلہ دیش کا دسواں نمبر ہے۔
Load Next Story