چوہدری نثار ٹکٹ کیلیے کروڑوں مانگ رہے ہیں راجا نادر مستعفی

ن لیگ میں میر جعفر اور میر صادق موجود ہیں، جاویدہاشمی بھی انہی کی وجہ سے گئے

ن لیگ میں میر جعفر اور میر صادق موجود ہیں، جاویدہاشمی بھی انہی کی وجہ سے گئے فوٹو: فائل

PESHAWAR:
سابق وزیر داخلہ راجا نادر پرویز نے مسلم لیگ (ن) کوچھوڑنے کا اعلان کردیا اور الزام لگایا ہے کہ چوہدری نثار پارٹی ٹکٹ کیلیے کروڑوں روپے مانگ رہے ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران راجا نادر پرویز نے کہا کہ ان کی مسلم لیگ کے ساتھ 27 سالہ وابستگی ہے اور انھوں نے مشکل وقت میں سمجھوتہ کرنے یا کسی مفاد کی خاطر پارٹی تبدیل کرنے کی بجائے ڈٹ کر پارٹی کا ساتھ دیا اور کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا مگر 2008ء اور اس الیکشن میں بھی میری وفاداریوں کو نظر انداز کرکے لینڈ مافیا اور کمیشن مافیا کو نوازا گیا۔


راجا نادر پرویز نے کہا کہ مجھے حلقہ این اے 81 اور 82 سے ٹکٹ کی آفر کی گئی تھی مگر میرا حلقہ 85 ہے اور میں نے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا مگر مجھے اور میری رائے کو نظر انداز کردیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ چوہدری نثار علی خاں کی سازشوں کے باعث مسلم لیگ ن کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ جاوید ہاشمی بھی چوہدری نثار کی وجہ سے پارٹی چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہوئے مگر میں کسی اور پارٹی میں نہیں جا رہا۔



انھوں نے کہا کہ میں نواز شریف کی بہت عزت اور احترام کرتا ہوں مگر نواز شریف بھی مجھے بے بس نظر آتے ہیں۔ راجا نادر پرویز نے کہا کہ مجھے زاہد سرفراز نے آل پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کا پرویز مشرف نے پیغام بھجوایا تھا مگر میں نے انکار کردیا ۔انھوں نے کہا کہ میں نے تجویز دی تھی کہ حاجی اکرم انصاری کو این اے 82 سے ٹکٹ دی جائے تو مسلم لیگ ن یقینی فتح حاصل کرسکتی ہے مگر میری تجویز کو رد کردیا گیا۔ آئی این پی کے مطابق نادر پرویز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں چوہدری نثار کی شکل میں میر جعفر اور میر صادق موجود ہیں، مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ دینے کیلیے کروڑوں روپے مانگے جا رہے ہیں جوکہ انتہائی نامناسب بات ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story