لوریس اسپورٹس ایوارڈ کا میلہ سوئس ٹینس اسٹار راجرفیڈرر نے لوٹ لیا

سرینا ولیمز نے بہترین خاتون اسپورٹس پلیئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔

مرسڈیز اے ایم جی پیٹرونز کو سال کی بہترین ٹیم کا اعزاز ملا۔ فوٹو: اے ایف پی

موناکو میں منعقدہ لوریس اسپورٹس ایوارڈ کا میلہ سوئس ٹینس اسٹار راجرفیڈرر نے لوٹ لیا۔

گزشتہ دنوں مونٹی کارلو کمپلیکس میں منعقدہ شاندار تقریب میں انھیں دو ایوارڈز سے نوازاگیا۔ انھوں نے سال کے بہترین اسپورٹس مین کے علاوہ کھیلوں میں بھرپور انداز میں واپسی پر بھی خصوصی ایوارڈ حاصل کیا، مجموعی طور پر یہ ان کا چھٹا لوریس ایوارڈ رہا، سال کے بہترین اسپورٹس مین کی ٹرافی کیلیے ان کا مقابلہ ہم عصر رافیل نڈال اور پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو سے تھا۔


سرینا ولیمز نے بہترین خاتون اسپورٹس پلیئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا، انھوں نے گزشتہ برس آسٹریلین اوپن کی صورت کیریئر کی 23ویں گرینڈ سلم ٹرافی جیتی تھی، یہ ان کا پانچویں لوریس ایوارڈ رہا، اسپینش گالفر سرجیو گارشیا نے بھی کیریئر میں دوسری بار لوریس ایوارڈ پایا۔

مرسڈیز اے ایم جی پیٹرونز کو سال کی بہترین ٹیم کا اعزاز ملا، وینڈی گلوب کے فاتح فرنچ سیلر ارمیل لی کلیس نے ایکشن اسپورٹس پرسن کا ایوارڈ جیتا، سوئس ورلڈ چیمپئن وہیل چیئر ریسر مارسیل ہگ کو بھی اعزاز سے نوازاگیا۔

تقریب میں کھیلوں اور شوبز کی معروف شخصیات نے شرکت کی، اس کی میزبانی ہالی ووڈ سپراسٹار بینڈیکٹ کمبربیچ نے کی اور معروف گلوکارہ ایمیلی سینڈ نے حاضرین کو اپنے گیتوں سے محظوظ کیا، اٹالین فٹبالر فرانسسکو ٹوٹی کو غیرمعمولی پرفارمنس پر ایوارڈ دیاگیا۔
Load Next Story