منور حسن سے روہنگیا سالیڈریٹی آرگنائزیشن کے وفد کی ملاقات

مسلم ممالک برما کے مسلمانوں پرمظالم کے خلاف مشترکہ آوازبلند کریں ، منورحسن

مسلم ممالک برما کے مسلمانوں پرمظالم کے خلاف مشترکہ آوازبلند کریں ، منورحسن

سعودی عرب سے آئے ہوئے روہنگیا سالیڈریٹی آرگنائزیشن کے نمائندہ وفد نے محمد عمران کی قیادت میںجماعت اسلامی پاکستان کے امیر سیدمنورحسن سے ادارہ نورحق میںملاقات کی اور برما میں مسلمانوں کی نسل کشی اور ان پرڈھائے جانے والے مظالم سے انھیں آگاہ کیا۔

اس موقع پر محمد حسین محنتی،نسیم صدیقی، برجیس احمد اوردیگر بھی موجود تھے۔ وفد نے بتایا کہ برما کے صوبے اراکان میں سرکاری سرپرستی میں مسلمانوں کوچن چن کر قتل کرنے کاسلسلہ شروع کردیا گیاہے اب تک 20 ہزار سے زائد مسلمانوں کو بے دردی کے ساتھ شہید کیا جاچکا ہے' 95 ہزار سے زائد مسلمان اپنے گھروں سے بے دخل کردیے گئے ہیں جب کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مساجد اور مدارس میں تالے لگا دیے گئے ہیں عورتوں اور بچوں کو خاص طورپرنشانہ بنایا جارہا ہے۔


منورحسن نے وفدکے مسائل غور سے سنے اورجماعت اسلامی کی جانب سے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ منورحسن نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی انجمنیں اس صورتحال پر بالکل خاموش ہیں جب کہ مسلم حکمران بھی چپ سادھے بیٹھے ہیں۔

ہم برما کے مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ منورحسن نے برما کی صورتحال پرپارلیمنٹ کی قرارداد اورصدر کی جانب سے خط لکھے جانے کوخوش آئند قراردیتے ہوئے اس کی تعریف کی ہے اورکہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ برما کے مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف اسلامی ممالک مشترکہ طورپرآواز بلند کریں۔
Load Next Story