کراچی خداداد کالونی سے بھی نومولود بچے کی لاش ملی

نومولود بچوں کی ملنے والی لاشوں کا سلسلہ تھم نہ سکا، تعداد 20 ہو گئی

پولیس نومولود بچوں کی لاشیں پھینکنے والوں کو پکڑنے میں تا حال ناکام۔ فوٹو: فائل

شہر میں نومولود بچوں کی لاشیں ملنے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔

خدا داد کالونی انڈر پاس کے قریب سے بھی نومولود بچے کی لاش ملی جس کی اطلاع پر چھیپا کے رضا کارروں نے بچے کی لاش کو سرد خانے پہنچایا، اس سے قبل گزشتہ ماہ 27 فروری کو کلفٹن سے ایک دن کے نومولود بچے کی گلا کٹی ہوئی لاش ملی۔


پولیس نہ صرف نومولود بچوں کی لاشیں پھینکنے والوں کو پکڑنے میں ناکام رہی بلکہ ان مقامات کا بھی تاحال سراغ نہیں لگایا جا سکا جہاں یہ نومولود بچے جنم لینے کے بعد موت کی وادی میں بھیج دیے جاتے ہیں اور بعدازاں ان کی لاشوں کو سفاک ملزمان سنسان اور ویران مقامات پر پھینک کر فرار ہوجاتے ہیں۔

بڑھتی ہوئی بے راہ روی کے واقعات میں رواں سال اب تک شہر کے مختلف علاقوں سے مجموعی طور پر 20 نومولود بچوں کی لاشیں مل چکی ہیں جنھیں دنیا میں آنے کے بعد درندہ صفت ملزمان نے اپنا گناہ چھپانے اور بدنامی کے خوف سے آنکھیں کھولنے سے قبل ہی ابدی نیند سلا دیا۔

شہر میں ایدھی فاؤنڈیشن اور چھیپا ویلفیئر کی جانب مختلف مقامات پر بچوں کے جھولے لگائے گئے ہیں جن پر واضح الفاظ میں لکھا ہے کہ ننھی جان کو مارنے کے بجائے انھیں ان جھولوں میں ڈال دیں۔
Load Next Story