قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی کا پرانا نظام بحال نہیں ہوگا

کوئی تجویز زیرغور نہیں، سینئر کو واپس نہیں بلارہے، فیصلہ مینجمنٹ کریگی،باجوہ

کوئی تجویز زیرغور نہیں، سینئر کو واپس نہیں بلارہے، فیصلہ مینجمنٹ کریگی،باجوہ۔ فوٹو: فائل

پی ایچ ایف کے سیکریٹری اولمپئن آصف باجوہ کا کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے انتخاب کے لیے سلیکشن کمیٹی کے پرانے نظام کی بحالی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

ان خیالات کا اظہار منگل کو ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم میں سندھ حکومت کے تحت بلو ٹرف کی تنصیب کے لیے مفاہمتی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا، انھوں نے قومی ٹیم کو درپیش گول کیپنگ کے مسئلہ پر کہا کہ اس ضمن میں مشکلات ہیں تاہم اس معاملہ سے نبٹنے کیلیے پی ایچ ایف ایک خصوصی ٹاسک فورس قائم کر رہی ہے، انھوں نے کہا کہ درست ہے کہ قومی ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی جس پر فیڈریشن کے تحفظات بھی ہیں جبکہ چیف کوچ اختر رسول کی ایونٹ میں شکست پر جمع کرائی جانے والی رپورٹ کی روشنی میں اقدامات کیے جائینگے۔

آصف باجوہ نے کہا کہ جونیئرز کی ناکامی کے بعد سینئر کھلاڑیوں کو دوبارہ طلب نہیں کیا جارہا، جن کو ٹیم سے ڈراپ نہیں بلکہ آرام دیا گیا تھا جبکہ کھلاڑیوں کے حوالے سے ٹیم مینجمنٹ ہی فیصلہ کریگی، پی ایچ ایف کے سیکریٹری نے کہا کہ فیڈریشن کو فنڈز کی فراہمی شرو ع ہو گئی ہے اور کنٹریکٹ کھلاڑیوں کے مشاہروں میں بھی جلد اضافہ کر دیا جائے گا،انھوں نے کہا کہ رفتہ رفتہ قومی ٹیم میں بہتری آئے گی جبکہ ٹارگٹ کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا ہی پڑتا ہے۔


 



پاک بھارت ہاکی کے حوالے سے آصف باجوہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین ہاکی اور کرکٹ کے معاملات حکومتی سطح پر پہنچ گئے ہیں، بھارت نے ان کو سیاسی بنا ڈالا ہے اور اب دونوں حکومتیں ہی مل کر اس مسئلہ کو حل کر سکتی ہیں، انھوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کے پی ایس بی سے تعلقات بہت اچھے ہیں جبکہ پی او اے کو قومی قانون کو فوقیت دینا چاہیے۔

انھوں نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ اولمپکس میں پاکستان ہاکی کے وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے میںکامیاب ہو جائیگا، قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو بلا جواز تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اذلان شاہ انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ میں شکست کھانے والی جونیئرز پر مشتمل قومی ٹیم کی ایشین اور چیمپئنز ٹرافی میں فتوحات کو بھی مد نظر رکھا جائے، انھوں نے قومی ٹیم کے کوچ اورسابق قومی کپتان اولمپئن حنیف خان پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی ٹیم کے زوال پر مثبت بیان دیا جانا چاہیے،فیڈریشن کے سیکریٹری نے ایک سوال پر کہا کہ پی ایچ ایف اکیڈمی درست سمت میں کام رہی ہے ۔
Load Next Story