50 وارداتوں میں ملوث ملزم سمیت 8 افراد گرفتار

لانڈھی 89 میں کارروائی کے دوران شہریوں کی آمدورفت بند کردی گئی تھی۔

ملزم حنیف چٹا قتل اور دیگر سنگین جرائم میں مطلوب تھا، ایس ایس پی ایسٹ۔ فوٹو:فائل

لانڈھی میں پولیس نے آپریشن کے دوران ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم کی 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث ملزم سمیت 8 افراد کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پولیس نے لانڈھی 89 میں آپریشن کیا ، علاقے کے داخلی و خارجی راستے بند کردیے گئے، اس دوران شہریوں کی آمدورفت مکمل طور پر بند کردی گئی ، پولیس نے 16 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا ، حراست میں لیے گئے افراد میں سے 8 افراد کو ابتدائی پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔




ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت نے ایکسپریس کو بتایا کہ آپریشن کے نتیجے میں ایک انتہائی مطلوب ملزم حنیف عرف چٹا کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا، انھوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزم قتل، اقدام قتل، بھتہ خوری، پولیس مقابلوں اور سنگین جرائم کی دیگر 50 سے زائد وارداتوں میں ملوث اور پولیس کو مطلوب تھا۔

انھوں نے کہا ایسٹ زون میں کوئی نوگو ایریا نہیں ہے ، انھوں نے ملزم کی سیاسی وابستگی سے انکار کیا تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔
Load Next Story