موٹر سائیکل کی نئی نمبر پلیٹ عارضی دکانیں بھی وجود میں آگئیں

عارضی دکانوں پر نمبر پلیٹ 100 جبکہ مستقل دکان پر 170 روپے میں بننے لگی، پولیس کے ستائے شہریوں کا دکانوں پر رش

نئی بڑی نمبر پلیٹ کی چلتی پھرتی دکان پر موٹر سائیکل مالکان کا رش لگا ہوا ہے۔ فوٹو : ایکسپریس

موٹرسائیکلوں کے لیے سرکاری طرز کی مخصوص نمبر پلیٹ کے حکم پر سختی سے عمل درآمد کے نتیجے میں شہریوں کی بڑی تعداد روزانہ نئی نمبر پلیٹ تیار کروارہی ہے۔

نمبر پلیٹ کی تیاری کا رجحان بڑھتا دیکھ کر شہر کے مختلف مقامات پر عارضی دکانوں کے علاوہ چلتی پھرتی دکانیں بھی وجود میں آگئی ہیں جن کے ذریعے مصروف سڑکوں پر عام دکانوں کی نسبت قدرے کم قیمت پر نمبر پلیٹ تیار کی جارہی ہے۔


ایسی ہی ایک چلتی پھرتی دکان کے مالک سلمان نے بتایا کہ وہ مختلف سڑکوں پر کھڑے ہوکر نمبر پلیٹ تیار کررہا ہے جس سے بھرپور آمدنی ہورہی ہے اور ایک نمبر پلیٹ 100 روپے میں فروخت کررہے ہیں، یومیہ7 ہزار روپے کمارہے ہیں،سڑک کناے نمبر پلیٹ تیار ہوتی دیکھ کر پولیس کے ہاتھوں تنگ شہری فوری طور پر نمبر پلیٹ تیار کروارہے ہیں جس سے نمبر پلیٹ کی تیاری کا عارضی کاروبار بھی خوب چمک رہا ہے۔



چلتی پھرتی دکان سے نمبر پلیٹ بنوانے والے شہریوں نے بتایا کہ نمبر پلیٹ 5 منٹ میں تیار کرلی جاتی ہے،عام دکانوں پر نمبر پلیٹ 150 سے 175 روپے تک میں تیار کی جاتی ہے لیکن چلتی پھرتی دکان سے 100 روپے میں نمبر پلیٹ بنوائی ہے شہریوں کے مطابق نمبر پلیٹ کے بغیر روکے جانے پر پولیس بھی کم سے کم 100 روپے کا نذرانہ وصول کرتی ہے اور بعض شہری ایک سے زائد مرتبہ یہ نذرانے بھگت چکے ہیں۔
Load Next Story