چیمپئنز ٹرافی فاسٹ بولرز ’’استاد‘‘ وسیم اکرم سے ٹیوشن لیں گے

کراچی میں10دن تک15سے17بولرزکوٹریننگ دینےکےحوالےسےپی سی بی سےمعاہدہ،ایبٹ آبادمیں قومی کیمپ کا دو روزکیلیےجوائن کریں گے۔

انگلینڈ کی فاسٹ اور بائونسی پچز پر بولنگ کے گُر بتائیں گے، بورڈ کا آئی ٹی اسٹاف پیسرزکی اسپیڈ ریکارڈ کرنے کے ساتھ بولنگ ایکشن کی ویڈیوز بھی بنائے گا۔ فوٹو: فائل

چیمپئنز ٹرافی سے قبل فاسٹ بولرز ''استاد''وسیم اکرم سے ٹیوشن لیں گے، سابق اسٹارکا پاکستان کرکٹ بورڈ سے معاہدہ ہوگیا۔

کراچی میں 10 دن تک 15 سے17بولرز کو ٹریننگ دیں گے، وہ ایبٹ آباد میں قومی ٹیم کے کیمپ کو بھی دو روز کے لیے جوائن کر کے اور وہاں انگلینڈ کی فاسٹ اور بائونسی پچز پر بولنگ کے گُر بتائیں گے، ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے والے نوجوان بولرز کو بھی ان سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع میسر آئے گا، پی سی بی کا آئی ٹی اسٹاف تمام بولرز کی اسپیڈ ریکارڈ کرنے کے ساتھ بولنگ ایکشن کی ویڈیوز بھی بنائے گا، دونوں کیمپس کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور وسیم اکرم کے درمیان آخرکار بولرز کی ٹریننگ کے لیے باقاعدہ معاہدہ ہوگیا۔

عرصہ دراز سے بھارتی بولرز میں اپنا تجربہ منتقل کرنے والے وسیم اکرم نے چند روز قبل فاسٹ بولنگ کیمپ کے لیے اپنی دستیابی ظاہر کرکے گیند پی سی بی کے کورٹ میں ڈال دی تھی، بورڈ نے بھی جنوبی افریقہ میں اپنے بولرز کی حالت زار کو دیکھتے ہوئے ان کی پیشکش کا مثبت جواب دیا۔ بورڈ اعلامیے کے مطابق وسیم اکرم کی زیرسربراہی کیمپ لگانے کا فیصلہ گذشتہ ہفتے لاہور میں شیڈول پی سی بی کی ایگزیکٹیو کوآرڈی نیشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، کراچی میں فاسٹ بولنگ کیمپ کا دورانیہ10یوم ہوگا جس میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی ابتدائی فہرست میں جگہ بنانے والے پلیئرز سمیت ڈومیسٹک سطح پر عمدہ پرفارم کرنے والے فاسٹ بولرز کو بلایا جائے گا۔




ان کی تعداد 15سے 17 کے درمیان ہوگی۔ کیمپ میں بولنگ کوچ محمد اکرم، وسیم اکرم کی معاونت کریں گے، تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا تاہم ذرائع نے دعویٰ کیاکہ کھلاڑی رواں ماہ کراچی میں ٹریننگ کا آغاز کر دیںگے۔ کیمپ کا حصہ بننے والے ممکنہ بولرز میں سہیل تنویر، حماد اعظم، انور علی، جنیدخان، محمد عرفان، وہاب ریاض، عمر گل، راحت علی، احسان عادل، عمران خان، اعزاز چیمہ اور یاسر عرفات شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق کیمپ کے دوران وسیم اکرم پیسرز کو انگلش کنڈیشنز کے حوالے سے خصوصی ٹپس بھی دیں گے، اس موقع پر پی سی بی کا آئی ٹی اسٹاف تمام بولرز کی اسپیڈ ریکارڈ کرنے کے ساتھ بولنگ ایکشن کی ویڈیوز بھی بنائے گا۔

یاد رہے کہ وسیم اکرم نے 2008-09 میں بھی 16فاسٹ بولرزکی کوچنگ کی تھی، اس کیمپ کے بعد انھوں نے محمد عامر، وہاب ریاض، محمد طلحہٰ، سہیل خان اور انور علی کو مستقبل کے بہترین بولرز قرار دیا تھا، پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل پاکستانی ٹیم کا10 روزہ ٹریننگ کیمپ ایبٹ آباد میں لگانے کا فیصلہ بھی کیا جہاں پر انگلینڈ کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے بائونسی اور فاسٹ وکٹیں تیار کی جائیں گی۔
Load Next Story