فاروق ستار کا 18مارچ کو جناح گراؤنڈ میں جلسے کا اعلان

امید ہے کہ ہمیں روکا نہیں جائے گا،عمارتوں کے نام تبدیل کرنے سے لندن کو ہی فائدہ ہورہا ہے، سربراہ ایم کیو ایم پاکستان

13 مارچ کے بعد پی آئی بی اور بہادر آباد گروپ کا مسئلہ حل ہوجائیگا، نیوزکانفرنس سے خطاب۔ فوٹو:فائل

ایم کیو ایم پاکستان پی آئی بی گروپ کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے18 مارچ کو جناح گراؤنڈ میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔

پی آئی بی کالونی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کاکہنا تھا کہ بہادر آباد اور پی آئی بی کی لڑائی میں مہاجر قوم کا نقصان ہورہا ہے، ہوسکتاہے اس مسئلے میں میری بھی کوئی غلطی ہو لیکن میں یہ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ13مارچ کے بعد یہ مسئلہ حل ہوجائے گا، اب الیکشن کمیشن سے جس کے حق میں فیصلہ آئے لیکن میں نے حکمت عملی مرتب کرلی جس کا اعلان 13 مارچ کے بعد کروں گا۔ میں بہادرآبادگروپ کے دوستوں کو بھی بولتا ہوں کہ وہ جناح گراؤنڈ آئیں اور یوم تاسیس کے جلسے میں شرکت کریں۔


فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں سیاسی آزادی نہیں دی گئی تو اس کا فائدہ ایم کیو ایم لندن کوہوگا اور عمارتوں کے نام تبدیل کرنے سے بھی لندن کو ہی فائدہ ہورہا ہے۔ فاروق ستارنے کہاکہ2018 کے الیکشن کی تیاری کررہے ہیں اور نئی حلقہ بندی کو مسترد کرتے ہیں،امید ہے کہ جناح گراؤنڈ جانے سے روکا نہیں جائے گا اور لندن سے جڑے لوگ یوم تاسیس کی تقریب کو خراب نہیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھاکہ17 مارچ کو جناح گراؤنڈ میں پتنگ و ثقافتی میلہ لگائیں گے۔

ایم کیوایم پاکستان کے فاروق ستارنے اپنے ساتھیوں سے اپیل کی ہے کہ الطاف حسین نے ہزاروں غلطیاں کی ہوں گی، مجھے بھی تین چار غلطیاں کرنے کا موقع دیں۔ انھوں نے ایکسپریس نیوز کے پروگرام سینٹر اسٹیج میں میزبان رحمان اظہر سے گفتگو میں کہا کہ میں نے 35 سالہ سیاسی کیریئرمیں مکالمے کا ہنر سیکھا، میری انا اور ضد نہیں، لندن سے الگ ہونے کا مشکل فیصلہ کیا، سب کو اکٹھاکیا۔ میں اپنے ساتھیوں سے کہتا ہوں الطاف حسین نے کتنی غلطیاں کی ہوں گی ، ہزاروں؟ مجھے بھی تین چارغلطیاں کرنے کا موقع دیں۔

فاروق ستار نے کہا کہ کوئی بھی انسان مکمل نہیں ،2018 ء کی ذمہ داری مجھے دیں ،2 مارچ کو طے تھا ہم 5 مارچ کو متوازن رابطہ کمیٹی بنا لیں گے، انکی طرف سے خالد مقبول ، کنور نوید، عامرخان اور فروغ نسیم جبکہ ہماری طرف سے میں، خواجہ سہیل منصور اور کامران ٹیسوری تھے، وہ کمیٹی بنانے سے اب پیچھے ہٹ رہے ہیں، خواجہ اظہارالحسن بھی ایک طرح کے ثالث ہیں۔ رابطہ کمیٹی میں میرے علاوہ 11دیگر ارکان نے کامران ٹیسوری کو ووٹ دیا تھا، نومبر میں بھی عامرخان میڈیا میں گئے تھے، سکے کا ایک رخ ٹیسوری اور دوسرا فروغ نسیم ہیں۔
Load Next Story