بلائنڈ ٹی20 کراچی نے ملتان کو 8وکٹ سے ٹھکانے لگادیا

شعیب اور مراد کی ففٹیز، آزاد کشمیر، بہاولپور، پشاور اور اسلام آباد بھی فتحیاب۔

شعیب اور مراد کی ففٹیز، آزاد کشمیر، بہاولپور، پشاور اور اسلام آباد بھی فتحیاب. فوٹو: فائل

پی سی بی ٹوئنٹی20 بلائنڈ کرکٹ ٹرافی میں کراچی نے ملتان کو 8وکٹ سے ٹھکانے لگادیا۔

دوسرے دن آزاد کشمیر، بہاولپور، پشاور،گوجرانوالہ اور اسلام آباد کی ٹیموں نے بھی اپنے میچز جیت لیے۔کراچی نے ملتان کو 8 وکٹوں سے زیر کیا، فاتح ٹیم نے 270 رنز کا ہدف 15 ویں اوور میں پورا کر لیا۔ شعیب اور مراد نے 73، 73 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں، لاہور میں آزادکشمیر نے میزبان لاہور کیخلاف پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 225 رنز جوڑے، محمد جمیل 64 رنز بنا کر نمایاں رہے، ارسلان نے2 وکٹیں حاصل کیں، لاہور کی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود مطلوبہ ہدف حاصل نہیں کرپائی اور مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 216 رنزہی اسکور بورڈ پرسجائے، عامر اشفاق 72 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ حبیب تاج نے3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تیسرے میچ میں بہاولپور نے کوئٹہ کو 9 وکٹوں سے ہرایا۔




فاتح ٹیم نے 163 رنز کا ہدف 11 ویں اوور میں صرف ایک وکٹ پر حاصل کیا۔ حسنین 57 رنز ناٹ آئوٹ بناکر نمایاں رہے، پشاور میں منعقدہ مقابلے میں میزبان ٹیم نے شیخوپورہ کیخلاف 10 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی، پشاور کی ٹیم نے 138 رنز کا ہدف 13 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کیا، محمد ہارون 67 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، گوجرانوالہ نے ایبٹ آباد کو5 وکٹوں سے شکست دی۔ فاتح ٹیم نے 174 رنز کا ہدف 16 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کیا۔ اسرار الحسن 64 رنزبنانے میں کامیاب رہے، اسلام آباد نے اٹک کو 10 وکٹوں سے زیر کیا۔ اسلام آباد نے 160 رنزکا ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔ یاسر 63 اور ذیشان گل 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
Load Next Story