افغانستان میں داعش کی موجودگی خطے کے لیے خطرناک

پاکستان اور امریکا کو مل کر خطے میں امن وامان قائم کرنے کے لیے کوشش کرنا ہوگی۔

پاکستان اور امریکا کو مل کر خطے میں امن وامان قائم کرنے کے لیے کوشش کرنا ہوگی۔ فوٹو:فائل

افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان کی تشویش بجا ہے کیونکہ موجودہ حالات خطے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اثر انداز ہورہے ہیں، افغانستان کے ساتھ طویل بارڈر رکھنے کی وجہ سے افغانستان کے حالات لامحالہ پاکستان پر بھی اثر انداز ہوتے ہیں جب کہ شرپسند اور دہشت گرد عناصر کی پاک افغان سرحد سے ملحقہ علاقوں میں دہشت گردانہ کارروائیاں پاکستان کو شدید نقصان پہنچا چکی ہیں، عالمی فورم پر اس بات کے ثبوت بھی پیش کیے جاچکے ہیں کہ افغانستان پار سے شدت پسند پاکستان کے اندرونی شہروں میں دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔

افغانستان کے موجودہ حالات کے تناظر میں یہ خبریں بھی منظر عام پر آرہی ہیں کہ شدت پسند تنظیم داعش اندرون ملک اپنی حیثیت مضبوط کررہی ، جو تشویشناک امر ہے۔ پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ افغانستان میں داعش اور دیگر دہشت گرد گروپوں کی موجودگی خطے کے لیے خطرہ ہے۔ بلاشبہ اگر داعش جیسی شدت پسند تنظیم افغانستان میں پنپ رہی ہے تو افغان بارڈر مزید غیر مستحکم ہوجائے گا اور نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لیے یہ شدید خطرے کی علامت ہے۔ پاکستان پہلے ہی افغانستان میں قیام امن اور طالبان و افغان حکومت کے مابین مذاکرات کے لیے اپنا صائب کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔


پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جس نے دہشت گردوں کے منظم گروپوں کے خاتمے کے لیے جامع آپریشن کیا۔ لیکن پاکستان کی تمام تر مخلصانہ کوششوں کے باوجود افغانستان اور سپر پاور امریکا کی جانب سے شکوک کا اظہار کیا جانا افسوسناک ہے۔ افغان معاملات اور دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں کردار پر امریکا نے ہمیشہ ڈو مور کا تقاضا کیا ہے اور پاکستان ثابت قدم رہا ہے، گزشتہ کچھ عرصہ میں پاک امریکا تعلقات میں جو سردمہری در آئی تھی اسے دور کرنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے۔

اس سلسلے میں واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں غیرملکی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے پاک امریکا تعلقات کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلقات امریکا کے لیے اتنے ہی ضروری ہیں جتنے پاکستان کے لیے ضروری ہیں۔ پاکستان اور امریکا کو مل کر خطے میں امن وامان قائم کرنے کے لیے کوشش کرنا ہوگی۔ اس امر میں کوئی کلام نہیں کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے اپنی مقدور بھر کوششیں کررہا ہے، دوسری جانب امریکا سے تعلقات کی بحالی پر بھی پیش رفت کی جارہی ہے، لیکن صائب ہوگا کہ امریکا بھی پاکستان کی قدر کرے اور برابری کی بنیاد پر تعلقات بحال کرنے پر آمادہ ہو۔
Load Next Story