پرامن عام انتخابات ہوتا نہیں دیکھ رہا شیخ رشید

نوازشریف ،آصف زرداری کے مقابلے میں عمران خان کا سیکیورٹی سسٹم ناقص ہے .

پاکستان میں اصولوں کی سیاست ختم ہوچکی: ’’ٹو دی پوائنٹ‘‘ میں گفتگو فوٹو : فائل

عوامی مسلم لیگ کے چیئرمین شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان سے اصولوں کی سیاست ختم ہوچکی ہے ملک میں سیاسی جماعتوں پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔

معیشت تباہ ہے ۔ موجودہ سیاستدانوں کی گردنوں میں سریا نہیں گارڈر آگیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام ٹودی پوائنٹ میں میزبان شاہ زیب خانزادہ سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ میںپرامن الیکشن ہوتا ہوا نہیں دیکھ رہا۔ انھوں نے کہا کہ ووٹر کبھی بھی اپنے شہر کے لیڈر کو ہارنے نہیں دیتے اگر الیکشن ہوئے تو قلم دوات جیتے گی اور عمران خان بھی جیتے گا۔


اس ملک میں روایت کی سیاست ہے آنے والی اسمبلی میں آزاد امیدواروں کی منڈی لگنے والی ہے ہردولتمند چاہتا ہے کہ اس کی مشہوری ہو اس کے پاس اقتدار ملے ۔ہم تو آج تک یہی سمجھتے رہے کہ اخلاقی اقدار، انسانیت ہی اصل سرمایہ ہے لیکن آج احساس ہوتا ہے کہ پیسہ کیوں نہیں کمایا کیونکہ ہمارے سیاسی سیٹ اپ میں کیش گروپ ہی جیتتا ہے۔ پاکستان میں اس الیکشن کے ذریعے ہمسایہ ملکوں کی مددسے امریکی اثرورسوخ کو لایا جا رہا ہے۔



اگر عوام نے اس مرتبہ آنکھیں کھول کر ووٹ نہ ڈالے تو پھر ان کی آنکھوں میں مرچیں پڑجائیں گی۔ یہ الیکشن بنیادی طورپر نوجوانوں کے مستقبل کا تعین کریگا اور اس مرتبہ ٹرن آئوٹ بھی زیادہ ہوگا۔ آزاد امیدواروں کی فورس بنائی جارہی ہے جن کا آخر میں ریٹ لگے گا۔ زرداری اسٹریٹ سمارٹ ہے اور نوازشریف نے یہ تاثر دے دیا ہے کہ جیتنے والی پارٹی ان کی ہے لیکن کیا یہ پراگندہ لوگ عوام کو ڈلیور کرسکتے ہیں یہ سوچنا عوام کا کام ہے اگر نوجوانوں نے درست فیصلہ کیا تو پھر اپ سیٹ ہوسکتا ہے۔ میں پرامن الیکشن ہوتا نہیں دیکھ رہا کسی بڑے سیاسی لیڈر نے باہر نہیں نکلنا سب نے ٹی وی دیکھنا ہے مرنا غریب نے ہی ہے ۔نوازشریف آصف زرداری کے مقابلے میں عمران خان کا سکیورٹی سسٹم ناقص ہے ۔
Load Next Story