آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے تحت نمائش پر دھرنا

صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے،گرفتار نوجوانوں کو فی الفور رہا کیا جائے ، مقررین.

آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے تحت احتجاج کے دوران ایم اے جناح روڈ پر خواتین دھرنا دیے ہوئے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے تحت بے گناہ شیعہ نوجوانوں کی گرفتاری کیخلاف پرانی نمائش پر احتجاجی دھرنا دیاگیا۔

اس موقع پر مظاہرے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی کے مرکزی صدر علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ آل پاکستان شیعہ ایکشن کمیٹی ملت جعفریہ پر مظالم کے خلاف جیل بھرو تحریک شروع کر رہی ہے۔


ملک میں ملت جعفریہ کیخلاف مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں،ملک میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے حکومت ملت جعفریہ کے صبر کا مزید امتحان نہ لے اور گرفتار شیعہ نوجوانوں کو فی الفور رہا کیا جائے،انھوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک کے سلسلے کو پورے ملک میں پھیلایا جائے گا اور گرفتاریاں دی جائیں گی۔



علامہ مرزا یوسف حسین نے کہا کہ کراچی میں5 مقامات پرانی نمائش، انچولی سوسائٹی، رضویہ سوسائٹی، ملیرجعفرطیارسوسائٹی اور عوامی کالونی کورنگی میں کیمپ لگادیے گئے ہیں جہاں شیعہ نوجوان جیل بھرو تحریک میں حصہ لینے کیلیے اپنے ناموں کا اندراج کراسکتے ہیں، اس موقع پر علامہ اظہرحسین نقوی، ظفرعباس ظفر، صادق علی، آل رضا ، مظہرحسین و دیگر بھی موجود تھے۔
Load Next Story