شفاف الیکشن کے نام پرجمہوریت کوبدنام نہ کیا جائے کامل آغا

ریٹرننگ افسران کے امیدواروں سے سوالات،بیلٹ پیپر میں خالی خانے کی تجویزسازش ہیں.

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس سے خطاب . فوٹو: فائل

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کے چیئرمین کامل علی آغا نے کہاہے کہ منصفانہ انتخابات کے نام پر کسی کو سیاستدانوں کی کردارکشی اور جمہوریت کو بدنام کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

بیلٹ پیپر میں خالی خانہ شامل کرنے کا فیصلہ جمہوریت کو بدنام کرنے کی سازش ہے، اخبارات کو سرکاری اشتہارات کی تقسیم منصفانہ بنیادوں پر ہونی چاہیے، ڈمی اخبارات کو دیے گئے اشتہارات کی ادائیگی نہ کی جائے، ٹی وی چینلز پر دکھائے جانیوالے ترک ڈراموں کے بارے میں وزارت اطلاعات ونشریات اور پیمرا ایک ہفتے کے اندر رپورٹ دے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس چیئرمین سینیٹرکامل علی آغا کی زیرصدارت جمعے کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ وزارت اطلاعات کے حکام نے اخبارات کو سرکاری اشتہارات کی تقسیم کے حوالے سے رپورٹ قائمہ کمیٹی کو پیش کی۔


وزارت اطلاعات اور پیمرا نے ٹی وی چینلز پر دکھائے جانے والے ترک ڈراموں کے متعلق رپورٹ پیش کرنے کے لیے مزید ایک ہفتے کا وقت مانگ لیا جس پر قائمہ کمیٹی کے ارکان نے برہمی کا اظہار کیا تاہم وزارت اطلاعات کے حکام کی باربار درخواست پر چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہاکہ ایک ہفتے کے اندر مفصل رپورٹ بھجوائی جائے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرائے جانے کے موقع پر ریٹرننگ آفیسرز کی جانب سے کیے جانے والے سوالات کے حوالے سے چیئرمین کامل علی آغا نے کہاکہ وقت آ گیاہے کہ نظریہ پاکستان کی تشریح کی جائے۔



آئین وقانون میں کہیں نہیں لکھاکہ اگر دعائے قنوت یاد نہ ہو تو امیدوار انتخابات کے لیے نااہل ہوجاتا ہے۔ حالانکہ مسلمان ہونے کے لیے کلمہ طیبہ پڑھ لینا کافی ہے۔ ریٹرننگ افسروں کے اس نوعیت کے سوالات سیاستدانوں کی کردار کشی کی سازش ہے جبکہ بیلٹ پیپر میں خالی خانہ شامل کرنا جمہوریت کو بدنام کرنے کی سازش ہے۔ کمیٹی نے پیمرا سے تمام سیاسی جماعتوں یا امیدواروں کی جانب سے چلائے جانیوالے اشتہارات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے کہاہے کہ ریٹ لسٹ کے مطابق اشتہارات کا تخمینہ لگاکر کمیٹی کو آگاہ کیاجائے۔ اجلاس میں پیمرا کے چیئرمین عبدالرشید چوہدری نے بتایاکہ کیبل آپریٹرز کو ہدایت کردی گئی ہے۔ اس موقع پر ایم ڈی اے پی پی نے بتایا کہ ادارے میں سیاسی بھرتیاں ہوئی ہیں۔
Load Next Story