بھارت میں نائٹ ٹیسٹ کا میلہ سجنے کی راہ ہموار

اسپورٹس ڈیسک  پير 19 مارچ 2018
ویسٹ انڈیز نے گلابی گیند سے کھیلنے کی حامی بھرلی ، میزبانی راجکوٹ کو ملنے کا امکان۔ فوٹو: فائل

ویسٹ انڈیز نے گلابی گیند سے کھیلنے کی حامی بھرلی ، میزبانی راجکوٹ کو ملنے کا امکان۔ فوٹو: فائل

ممبئی: بھارت میں بھی رات کو ٹیسٹ میلہ سجانے کی راہ ہموار ہونے لگی۔

کرکٹ ویسٹ انڈیز نے بی سی سی آئی کے سیکریٹری امیتابھ چودھری کی جانب سے بھیجی گئی ای میل کے جواب میں دورہ بھارت کے درمیان ایک ٹیسٹ میچ فلڈ لائٹس میں پنک بال کے ساتھ کھیلنے پر رضا مندی ظاہر کردی۔

سی ڈبلیو آئی کے صدر ڈیو کیمرون کا کہنا ہے کہ جیسا کہ ہمارے درمیان بات چیت ہوئی تھی ہم باخوشی بھارت میں پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کو تیار اور پروگرام کو حتمی شکل دینے کے منتظر ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے اگرچہ رواں برس ملکی تاریخ میں پہلے نائٹ ٹیسٹ کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کی ہوئی ہیں مگر انھیں اس سلسلے میں کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کی منظوری درکار ہوگی جس کے چیئرمین ونود رائے نے بی سی سی آئی کو نائٹ ٹیسٹ کے منصوبے کو موخر کرنے کی ہدایت کی تھی جس کے جواب میں امیتابھ چودھری نے واضح کیا تھا کہ انھوں نے ٹیسٹ کرکٹ کی بہترین کیلیے اقدامات نہیں کیے تو اس طرز میں شائقین کی دلچسپی ماند پڑسکتی ہے۔

بی سی سی آئی کے ہی ایک آفیشل کا کہنا ہے کہ اگر منظوری ملتی ہے تو پھر بھارت میں پہلے نائٹ ٹیسٹ کی میزبانی راجکوٹ کو مل سکتی ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی بورڈ کی ٹورکمیٹی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اکتوبر میں شیڈول دو ٹیسٹ میچز کیلیے راجکوٹ اور حیدرآباد کا انتخاب کیا تھا جبکہ ون ڈے میچز ممبئی، گوہاٹی، کوچی، اندور اور پونے میں کھیلے جائیں گے۔ کولکتہ ، چنئی اور کانپور کا انتخاب تین ٹوئنٹی 20 میچز کی میزبانی کیلیے کیاگیا ہے۔

اس سے قبل بھارت جون میں افغانستان کے خلاف ایک ٹیسٹ کھیلے گا جبکہ ویسٹ انڈیز سے سیریز کی تکمیل پر بھارتی ٹیم آسٹریلیا روانہ ہوجائے گی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔