سہراب گوٹھ میں پولیس مقابلہ ملزم ہلاک اسلحہ برآمد

نادرن بائی پاس پر الحبیب ہوٹل کے قریب ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کی.

نادرن بائی پاس پر الحبیب ہوٹل کے قریب ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کی. فوٹو: فائل

سہراب گوٹھ میں نادرن بائی پاس کے قریب پولیس مقابلے میں ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ علیحدہ کارروائی میں ایک ملزم پکڑا گیا اور اس کے 3 ساتھی فرار ہوگئے۔

ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت نہیں ہوسکی ، تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے نادرن بائی پاس پر الحبیب ہوٹل کے قریب پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک اور 2 فرار ہوگئے ، ڈی ایس پی خالد خان نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس نے مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر نادرن بائی پاس پہنچی جہاں موجود ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی ، پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم مارا گیا جبکہ 2 ملزمان فرار ہوگئے ، ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے پولیس نے ٹی ٹی پستول برآمد کرلی۔




ہلاک ہونے والے شخص کی جیب سے شناختی کارڈ برآمد ہوا ہے جس پر قاسم خان ولد محمد خان نام درج ہے لیکن شناختی کارڈ پر تصویر مقتول کے چہرے سے مشابہت نہیں رکھتی جس سے یہ بات واضح ہے کہ مذکورہ شناختی کارڈ مقتول کا نہیں ہے ، پولیس نے عباسی اسپتال میں ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش تلاش ورثا کے لیے ایدھی سرد خانے منتقل کردی ، علاوہ ازیں سہراب گوٹھ کے علاقے چھوٹا گبول گوٹھ میں پولیس نے گشت کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم مقصود کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے پستول اور متعدد رائونڈ برآمد کرلیے جبکہ اس کے 3 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ڈی ایس پی خالد خان کا کہنا تھا کہ پولیس ملزمان کی تلاش میں مختلف مقامات پر چھاپے مار رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔
Load Next Story