آئی پی ایلمیچز میں دہشتگردوں کے حملوں کا خطرہ

دہلی میں انتہائی سخت انتظامات، تین حفاظتی حصار قائم، جاسوسوں کی شائقین پر نظر.

دہلی میں انتہائی سخت انتظامات، تین حفاظتی حصار قائم، جاسوسوں کی شائقین پر نظر۔ فوٹو: فائل

NAPIER:
بھارتی انٹیلی جنس نے آئی پی ایل کے میچز میں دہشتگرد حملوں کا خطرہ ظاہر کردیا۔

نئی دہلی میں خاص طور پر سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی، فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کے گرد تین حفاظتی حصار قائم کردیے گئے، میچز کے دوران جاسوس تماشائیوں پر نظر رکھ رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی انٹیلی جنس اداروں نے دعویٰ کیا ہے کہ مختلف دہشتگرد تنظیمیں اس بار آئی پی ایل میچز کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہی ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس اداروں نے دہلی پولیس کو ہدایت کی کہ وہ میچز کے دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کرے۔


اس سلسلے میں شہر کے تمام ہوٹلز اور گیسٹ ہائوسز کو چیک کرنے کی بھی ہدایت کی گئی، خاص طور پر ان گیسٹ ہائوسز کی چیکنگ کو کہا گیا جن کے پاس لائسنس نہیں ہیں، تمام رہائشیوں کی تصاویر لینے اور مشکوک افراد کے سامان کی اچھی طرح چیکنگ کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ انٹیلی جنس کی وارننگ کے بعد نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم کی سیکیورٹی میں بہت زیادہ اضافہ کردیا گیا، پولیس نے اسٹیڈیم کو جانے والے راستوں پر اضافی چیک پوسٹ قائم کرلیں۔



یہاں پر سیکیورٹی کے تین حصار قائم کیے گئے ہیں، 100 سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے گئے،گذشتہ روز یہاں پر دہلی ڈیرڈیولز اور راجستھان رائلز کے درمیان میچ کے موقع پر تمام تماشائیوں کی جامہ تلاشی لی گئی، جگہ جگہ میٹل ڈیٹکٹر اور اہم مقامات پر ایکسرے مشینیں بھی نصب تھیں، وی آئی پی شخصیات کیلیے الگ راستے مختص کیے گئے تھے۔ گرائونڈ کے اندر بھی سادہ لباس میں جاسوس موجود رہے جو خصوصی آلا ت سے لیس تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ یہاں پر کھیلے جانے والے تمام آئی پی ایل میچز کے دوران سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت رہیں گے۔
Load Next Story