میٹرک امتحانات کا 28 مارچ سے آغاز ہوگا

امتحانی مراکز پر دفعہ 144نافذ، ایڈمٹ کارڈ، ڈیٹ شیٹ،سینٹر لسٹ اسکولوں کو فراہم کر دی گئی۔

بورڈافسران پرچے تک سینٹر میں رہیں گے،پروفیسرسعید الدین۔ فوٹو: فائل

ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت میٹرک کے امتحانات28مارچ سے شروع ہوں گے جس کیلیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے۔

ثانوی تعلیمی بورڈ کے مطابق اس سال مجموعی طور پر 3لاکھ 54ہزار131طلبہ وطالبات امتحانات میں حصہ لیں گے،رواں سال صبح کی شفٹ میں جنرل گروپ کے جبکہ دوپہرکی شفٹ میں سائنس گروپ کے امتحانات ہوں گے۔

چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے جمعرات کو بورڈ آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ امتحانی مراکز کو وسیع اور کشادہ بنانے کے حوالے سے ناظم امتحانات کو خصوصی ہدایت دی تھیں، انھوں نے کہا کہ اس سال نویں اوردسویں کلاس کے جنرل گروپ کے امتحانات میں 45,417 امیدوار شریک ہورہے ہیں ، امتحانی مراکز 84بنائے گئے ہیں جس میں لڑکیوںکیلیے 47 جبکہ لڑکوں کے لیے37امتحانی مراکز شامل ہیں۔

اسی طرح سائنس گروپ کے امتحانات میں 3لاکھ 8ہزار714 امیدوار شریک ہوں گے جس میں نویں جماعت کے طلبہ کی تعداد ایک لاکھ 54ہزار 43 اور دسویں جماعت کے طلبہ کی تعداد ایک لاکھ 54 ہزار671 ہے، سائنس کے امتحانات کیلیے 393امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں جن میں لڑکوں کیلیے 215 جبکہ لڑکیوں کیلیے178سینٹر مختص کیے گئے ہیں،ان مراکز میں 163سرکاری اور 230 نجی اسکول شامل ہیں۔ اس موقع پر ناظم امتحانات خالد احسان اور سیکرٹری بورڈ محمد علی شائق بھی موجود تھے۔


پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے بتایا کہ اس سال بورڈ آفس سے ہی ایڈمٹ کارڈ، ڈیٹ شیٹس اور سینٹر لسٹ تمام اسکولوں اور طلباو طالبات کو فراہم کر دیے ہیں جب کہ پرائیویٹ طلبا کے ایڈمٹ کارڈ ان کے رہائشی پتوں پر بھی ارسال کردیے گئے، امتحانات کی نگرانی کیلیے بورڈ آفس میں رپورٹنگ سیل کے ساتھ ساتھ خصوصی ویجیلینس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جو کہ امتحانی مراکز کا دورہ کرکے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹس بورڈ آفس میں جمع کرائیں گی۔

ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کی سطح پر بھی مختلف ٹیمیں امتحانی مراکز کا اچانک معائنہ کریں گی جن میں خود کمشنر،تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز،ڈی آئی جیز، ایس ڈی ایم اور اسسٹنٹ کمشنرز بھی ہوں گے جو نقل کی روک تھام کیلیے بورڈ کی خصوصی ٹیموں کیساتھ اقدامات کریں گے۔سینئر اساتذہ پر مشتمل معائنہ ٹیمیں بھی امتحانی مراکز کا دورہ کریں گی،چیئرمین بورڈ کی درخواست پر ضلعی انتظامیہ نے تمام امتحانی مراکز پر دفعہ 144 نافذ کردی جس کے تحت ان مراکز پر بیرونی مداخلت پر پابندی ہوگی۔ ان کے اطراف میں کام کرنے والی فوٹو اسٹیٹ کی مشینیں دوران امتحان بند رہیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ امتحانی پرچوں کی ترسیل کے لیے موثر نظام تشکیل دیا گیا، یہ پرچے بورڈ کے افسران حب سینٹرز پر پہنچائیں گے جہاں سے سینٹر کنٹرول افسران امتحانی پرچے متعلقہ سینٹر پر پہنچائیں گے، یہ تمام افسران پرچے کے دوران سینٹر ہی میں موجود رہیں گے،پرچہ ختم ہونے کے بعد اپنی نگرانی میں طلبہ کی جانب سے پْرکیے گئے جوابی پرچے سربہ مہر کرکے بورڈ آفس میں پہنچائیں گے۔

پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے مزید کہا کہ حکومت ضلعی انتظامیہ اور بورڈ کے ذریعے نقل پر قابو پانے کیلیے اجتماعی کاوش کررہی ہے، انھوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کی ہدایت پر شفاف امتحانات کے انعقاد کیلیے تمام اداروں سے تعاون حاصل کیا جارہا ہے، چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ بورڈ نے (کے الیکٹرک) انتظامیہ سے امتحانات کے دوران لوڈشیڈنگ نہ کرنے کی تحریری درخواست کی۔
Load Next Story