اصلاح الدین ویمن ہاکی تباہ کررہے ہیں شاہین فاطمہ
من مانی کرکے ٹرائلز کرانا پلیئرزکے ساتھ نا انصافی ہے،سیکریٹری ویمن ونگ
من مانی کرکے ٹرائلز کرانا پلیئرزکے ساتھ نا انصافی ہے،سیکریٹری ویمن ونگ۔ فوٹو:فائل
کراچی ویمن ہاکی ونگ کی سیکریٹری شاہین فاطمہ نے کہا ہے کہ کراچی ویمن ہاکی کو تباہ کرنے کی مذموم سازش کی جارہی ہے جو کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
شاہین فاطمہ نے کہا ہے کہ سندھ اسپورٹس بورڈ نے اولمپئن اصلاح الدین کو سندھ ویمن ہاکی ایونٹ کا کنوینر منتخب کیا،ان کا کام ایونٹ کے انتظامات کو دیکھنا ہوتا ہے لیکن اصلاح الدین خواتین ہاکی میں انتشار پھیلا کر ویمن ہاکی تباہ کررہے ہیں۔
سیکریٹری ویمن ہاکی ونگ نے کہا کہ کراچی ویمن ہاکی ٹیم کے ٹرائلز لینا کراچی ویمن ہاکی ونگ کی سیکریٹری کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن اولمپئن اصلاح الدین نے اپنی من مانی کرتے ہوئے ٹرائلز منعقد کرادیے تاہم ان کے اس جانبدارانہ عمل سے کراچی ویمن ہاکی ٹیم پلیئرز کے ساتھ نا انصافی ہوئی جو کسی صورت قبول نہیں۔
شاہین فاطمہ نے کہاکہ اولمپئن اصلاح الدین اپنی سیاست مردوں کی ہاکی تک ہی محدود رکھیں، اب وہ دور نہیں رہا جب خواتین خاموشی سے ہر ناانصافی برداشت کرتی تھیں ہم ہر فورم پر آواز بلند کریں گے، انھوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر کھیل، پی ایچ ایف کے صدر و سیکریٹری سے اس کوتاہی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ کراچی کی ویمن پلیئرز کو ان کا حق مل سکے۔