ویمنز کرکٹ پاکستان نے سری لنکا کیخلاف سیریز اپنے نام کر لی

دوسرے ون ڈے میں ثنا میر نے4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا،بسمہٰ معروف نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی

دوسرے ون ڈے میں ثنا میر نے4کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا،بسمہٰ معروف نے 89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ فوٹو: فائل

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو دوسرے میچ میں بھی با آسانی 94 رنز سے شکست دے کر تین میچزکی سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔

پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سری لنکا میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، گرین شرٹس نے میزبانوں کو دوسرے ایک روزہ میچ میں بھی94 رنز کے بڑے مارجن سے زیر کر کے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

دمبولا میں ہونے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کو ترجیح دی، کپتان بسمہ معروف کا یہ فیصلہ اس وقت درست بھی ثابت ہوا جب پلیئرز میزبان سائیڈ کے خلاف ڈٹ گئیں اور بولرز کو دن میں تارے دکھا دیے،ناہیدہ خان اور منیبہ علی نے ٹیم کو 49 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم اسی مجموعے پر ناہیدہ خان 29 رنزبنا کر پویلین لوٹ گئیں، منیبہ نے31 رنز بنائے۔


بعد ازاں کپتان بسمہ معروف نے کھل کر بیٹنگ کے جوہر دکھائے اورصرف 90 گیندوں پر ایک چھکے اور9 چوکوں کی مدد سے89رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، ندا ڈار38، ثنا میرناٹ آئوٹ 27، جویریہ خان16، نتالیہ پرویز 5 اور سدرہ امین2 رنز بنانے میں کامیاب رہیں۔ ویرا کوڈے نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا جبکہ کاڈاکنچانا اور راناویرا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں سری لنکن ویمن ٹیم ہدف کے تعاقب میں 37 اوورز میں 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی،4 پلیئرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکیں، ویرا کوڈے سب سے کامیاب پلیئر رہیں، انھوں نے ناقابل شکست رہ کر 29 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان جایاناگنی،کماری ہامی24،24، کاڈا کنچانا 23، پریرا 11 اور وینڈوت نے10 رنز بنائے۔ ثنامیر سب سے کامیاب بولر رہیں، انھوں نے4 پلیئرز کو میدان بدر کیا، ندا ڈار نے 2 ڈیانا بیگ اور ناشرہ نے ایک، ایک وکٹ لی۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچزکی سیریز کا آخری میچ ہفتے کو کھیلا جائے گا۔
Load Next Story