کراچی سچل سے پر اسرار طور پر لاپتہ ہونیوالی بچی کا سراغ نہ مل سکا

6 سالہ مدیحہ کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے پر اس کی والدہ اور گھر کی دیگر خواتین پر غشی کے دورے پڑرہے ہیں

بچی کی تلاش میں سرگرداں ہیں، جلد ہی کیس میں اہم پیش رفت ہوجائیگی، پولیس۔ فوٹو: فائل

سچل سے ایک ہفتہ قبل پراسرار طور پر لاپتہ ہونیوالی 6 سالہ بچی مدیحہ کا پولیس تاحال سراغ نہ لگاسکی جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کی تلاش میں سرگرداں ہیں اور جلد ہی کیس میں اہم پیش رفت ہوجائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بھکر گوٹھ کی کچی آبادی کے رہائشی ارمان خان نے یکم اپریل کو تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی کہ اس کی اکلوتی بیٹی 6 سالہ مدیحہ مدرسے سے گھر آتے ہوئے لاپتہ ہوگئی ہے ، مدیحہ کو انھوں نے تمام احباب و رشتے دار اور ہر ممکن مقام پر ڈھونڈا لیکن وہ نہ ملی ، انھوں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ ان کی بیٹی کو نامعلوم افراد نے اغوا کیا ہے کیونکہ علاقے میں بچوں کے اغوا کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

 




ارمان خان نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہو ئے بتایا کہ وہ سہراب گوٹھ کے علاقے سپر مارکیٹ میں ان کی اسپیئر پارٹس کی دکان ہے ، انھوں نے بچی کی بازیابی کے سلسلے میں پولیس حکام سے متعدد مرتبہ بات چیت کی ہے لیکن تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی، انھوں نے بتایا کہ مدیحہ ان کی اکلوتی اولاد ہے ، اس کے پراسرار طور پر لاپتہ ہونے پر اس کی والدہ اور گھر کی دیگر خواتین پر غشی کے دورے پڑرہے ہیں اور اس کی والدہ کی طبیعت اپنی بیٹی کی جدائی میں انتہائی خراب ہوگئی ہے،ارمان خان نے شکوہ کیا کہ پولیس تحقیقات میں دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کررہی ہے۔

انھوں نے آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی بچی کی بازیابی کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات کے احکامات جاری کریں، علاوہ ازیں سچل پولیس کے انویسٹی گیشن افسر سب انسپکٹر پیر بخش چانڈیو نے بتایا کہ پراسرار طور پر لاپتہ ہونے والی بچی مدیحہ کی تلاش کے لیے پولیس سرگرداں ہے اور جلد ہی کیس میں اہم پیش رفت ہوجائے گی ، انھوں نے کہا کہ انھیں اس کیس کے سلسلے میں کچھ اہم معلومات حاصل ہوئی ہیں تاہم فوری طور پر اس بات سے میڈیا کو آگاہ نہیں کیا جاسکتا ، چند روز میں کیس میں اہم پیش رفت ہوجائے گی اور بچی جلد ہی اپنے گھر والوں کے ساتھ ہوگی۔
Load Next Story