اولمپکس ہاکی پاکستان نے ساتویں پوزیشن حاصل کر لی

جنوبی کوریا کیخلاف دوبار خسارے میں جانے کے باوجود3-2سے کامیابی مل گئی

پاکستانی کھلاڑی شکیل عباسی جنوبی کورین حریف کو چکمہ دینے کے بعد گیند لے کر آگے بڑھ رہے ہیں، ان کی ٹیم ساتویں نمبر پر رہی(فوٹو ایکسپریس)

لندن اولمپکس کے ہاکی ایونٹ میں پاکستان نے ساتویں پوزیشن حاصل کر لی، جنوبی کوریا سے میچ میں دو بار خسارے میں جانے کے باوجود گرین شرٹس نے فائٹ کرتے ہوئے 3-2 سے جیت کو گلے لگایا۔اولمپکس پارک میں واقع ریور سائیڈ ارینا میں کھیلے گئے میچ میں پہلے ہاف کے 29ویں منٹ میں جنوبی کوریا کے ہیون سنگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی،

اگلے ہی منٹ میں پاکستان کے محمد وقاص نے گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کر دیا، 2 منٹ بعد ہیون سنگ کے دوسرے گول کی بدولت کورین سائیڈ نے ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کر لی جو پہلے ہاف کے اختتام تک قائم رہی۔ وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم نے زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا اور میچ کے 43ویں منٹ میں عبدالحسیم خان نے گول کر کے میچ ایک بار پھر برابر کر دیا۔کھیل کے 60ویں منٹ میں پاکستان کو ایک پنالٹی کارنر ملا جس پر محمد عمران نے گول کر کے پاکستان کو پہلی مرتبہ میچ میں برتری دلائی


جو آخر تک قائم رہی۔ یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم1992کے بعد سے اولمپکس ہاکی مقابلوں میں وکٹری اسٹینڈ پر پہنچنے میں ناکام رہی ہے، بارسلونا گیمز میں شہباز احمد سینئر کی زیرقیادت گرین شرٹس نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ دریں اثنا پاکستانی کوچ خواجہ جنید نے استعفے سے متعلق مطالبات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں لندن گیمز میں قومی ٹیم کی پرفارمنس سے مطمئن ہوں،ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف میچ کے سوا پورے ایونٹ میں تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ٹیم نے ثابت کردیا کہ وہ ایشیا میں نمبر ون ہے

لہذا میرا استعفیٰ دینے کا کوئی ارادہ نہیں، میرا معاہدہ لندن اولمپکس تک تھا لیکن مزید کوچنگ جاری رکھنے کا فیصلہ وطن واپسی کے بعدکروں گا۔ دوسری جانب تجربہ کار پلیئر وسیم احمد نے کھیل سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے، انھوں نے فیصلے کی وجہ نوجوانوں کیلیے جگہ خالی کرنے کو قرار دیا۔

Recommended Stories

Load Next Story