گرمی بڑھتے ہی پانی کا بحران شروع شہری مہنگے ٹینکر خریدنے پر مجبور

واٹربورڈ کا ناغہ نظام ناکارہ، قلت آب سے شہری اذیت سے دوچار،پانی کی طلب ایک ارب 20 کروڑ گیلن ہے۔

،چیئرمین واٹربورڈ اور صوبائی وزیر بلدیات کا پانی کے بحران پر بات کرنے سے گریز۔ فوٹو: فائل

کراچی میں گرمی کی شدت میں اضافے کے سا تھ ہی مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوگئی جب کہ پانی کی قلت اور شدید کمی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی میں چند دن کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی پانی کی طلب بڑھ گئی ہے کر اچی کو پہلے ہی60 کروڑگیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے واٹر بورڈ کے افسران ناغہ نظام کے تحت شہر کے کئی علاقوں کو مرحلہ وار پانی فراہم کرکے اس کمی کو پورا کررہے تھے جن علاقوں میں ایک دن پانی آتا ہے تو اسے ایک ہفتے بعد دوبارہ پانی فراہم کیا جاتا ہے لیکن گرمی بڑھنے کے باعث جیسے ہی پانی کی طلب میں اضافہ ہوا واٹر بورڈ کا ناغہ نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔


گلشن اقبال،گلستان جوہر، بفرزون، کورنگی، نارتھ کراچی ، سرجانی ٹاؤن، شاہ فیصل کالونی اور اولڈ سٹی ایریا میں پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے۔ قلت آب سے پریشان شہری اذیت سے دوچار ہیں کئی علاقوں میں شہری مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

واٹر بورڈ حکام نے گرمیوں میں پانی کی طلب بڑھنے پر کوئی حکمت عملی مرتب نہیں کی شہر میں جاری پانی کے بحران کے حوالے سے چیئرمین ادارہ فراہمی و نکاسی آب کراچی اور صوبائی وزیر بلدیات جام خان شورو سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی لیکن انھوں نے بات کرنے سے گریز کیا۔

ذرا ئع کا کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے بلک سپلائی کے افسران کی جانب سے پانی کی غیر منصفانہ تقسیم کے باعث پانی کی قلت اور شدید بحران کا سامنا ہے کراچی کو یومیہ 45 سے 50 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جارہا ہے جبکہ شہر میں پانی کی طلب ایک ارب 20کروڑ گیلن ہے۔
Load Next Story