انٹرپول کے ہاتھوں گرفتار رئیس مما کراچی پولیس کے حوالے

کورنگی پولیس نے ایئر پورٹ سے متحدہ لندن کے سابق سیکٹر انچارج کو اپنی تحویل میں لیا

ملزم ملائیشیا سے گرفتارہوا،حماد صدیقی کا فرنٹ مین بتایا جاتا ہے، ایس ایس پی ضلع کورنگی۔ فوٹو : ایکسپریس

THE HAGUE:
کورنگی ڈویژن پولیس نے کراچی ایئر پورٹ پر انتہائی مطلوب اور متحدہ لندن کورنگی کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما کو اپنی تحویل میں لے لیا۔

ملزم رئیس مما کو انٹر پول پولیس نے ملائیشیا سے گرفتار کیا تھا جسے کراچی منتقل کر کے ایف آئی اے سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کیا گیا، بعدازاں ملزم کو کورنگی پولیس گرفتار کر کے اپنی تحویل میں لے لیا۔

ایس ایس پی ضلع کورنگی ذوالفقار مہر نے بتایا کہ ایم کیو ایم لندن کے انتہائی مطلوب اور کورنگی کے سابق سیکٹر انچارج رئیس مما کی گرفتاری کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے ریڈ وارنٹ ایف آئی اے کے توسط سے انٹر پول کو بھیجے گئے تھے ۔


پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم رئیس عرف مما انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر ہے جو کہ کئی عرصہ تک کورنگی کا سیکٹر انچارج رہا اور اس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ ایم کیو ایم لندن رابطہ کمیٹی کے انچارج حماد صدیقی کا فرنٹ مین تھا جس نے مبینہ طور پر حماد صدیقی کے کہنے پر کورنگی چکرا گوٹھ میں پولیس وین پر فائرنگ کی۔

ملزم نے لیاری گینگ وار عذیر گروپ شیر شاہ کے کمانڈر ملا راجو سمیت درجن سے زائد ساتھیوں کو قتل کیا تھا جبکہ رئیس مما نے مبینہ طور پر حماد صدیقی کے کہنے پر مہاجر قومی موومنٹ ( حقیقی) کے بھی کئی کارکنوں کو موت کے گھاٹ اتارا تھا۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے جانے والے رئیس مما پر کورنگی مہران ٹاؤن میں چائنہ کٹنگ کر کے کروڑوں روپے مالیت کے پلاٹ فروخت کا بھی الزام ہے جبکہ ملزم نے چائنہ کٹنگ کے خلاف آواز اٹھانے والے پولیس افسران اور لسانی جماعتوں کے کارکنان کو بھی مبینہ طور پر قتل کیا تھا۔

ملزم سے عمران بل ڈوگ ، ظہیر فنٹر اور عادل شوٹر سمیت دیگرابھی بھی رابطے میں تھے جبکہ ملزم کو سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے بھی رہا کرایا تھا۔ ایس ایس پی ذوالفقار مہر نے بتایا کہ ملزم کے خلاف کورنگی سمیت شہر دیگر تھانوں میں درجنوں مقدمات ہیں اور ان کی تمام تفصیلات کو مرتب کیا جا رہا ہے۔
Load Next Story