ویمنز ہاکی نیدرلینڈز اعزاز کے دفاع سے ایک فتح دور

پہلی بارپنالٹی شوٹ آئوٹ پرمیچ جیت کرفائنل میں رسائی پائی،نیوزی لینڈاور برطانیہ ناکام

پہلی بارپنالٹی شوٹ آئوٹ پرمیچ جیت کرفائنل میں رسائی پائی،نیوزی لینڈاور برطانیہ ناکام

ڈچ ویمنز ہاکی ٹیم نے کیریئر میں پہلی پنالٹی شوٹ آئوٹ پر میچ جیت کر اولمپک گیمز کے فائنل میں رسائی پالی،مقررہ وقت تک 2-2 سے برابر رہنے والے میچ میں نیوزی لینڈ کو 3-1سے شکست کا داغ سہنا پڑا، اعزاز کے دفاع سے ایک فتح دور موجود نیدرلینڈزکا جمعے کو فائنل میں ارجنٹائن سے مقابلہ ہوگا جس نے میزبان برطانیہ کو 2-1 سے زیر کیا۔


تفصیلات کے مطابق پہلے سیمی فائنل کا افتتاحی گول 7 ویں منٹ میں کیوی کپتان کیٹ شارلینڈ نے پنالٹی کارنر پر کیا، 25 منٹ بعد ان کی ڈچ ہم منصب مارٹیج پیومن نے بھی پنالٹی کارنر پر گیند جال میں پہنچا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا،پہلے ہاف کے اختتام تک یہی اسکور رہا، وقفے کے بعد49 ویں منٹ میں کرسٹل فرگوسن نے گول بناکر نیوزی لینڈ کی برتری ایک بار پھر بحال کی،

4 منٹ بعد ہی پیومن کے ایک اور کامیاب پنالٹی کارنر نے مقابلہ2-2گول سے برابر کردیا،مقررہ وقت تک اس اسکور میں کوئی تبدیلی نہیں آسکی، میچ کو فیصلہ کن بنانے کیلیے پنالٹی شوٹ آئوٹ کا سہارا لیا گیا جس پر نیدرلینڈز نے 3 جبکہ نیوزی لینڈ نے صرف ایک گول کیا۔ دوسرے فائنل فور میچ میں ارجنٹائن نے میزبان برطانیہ کو 2-1 سے مات دی، فاتح سائیڈ کی نوئیل بیریونیوو اور لوسیانا ایمر نے پہلے ہاف میں ایک،ایک گول کیا،میزبان ٹیم کا واحد گول اختتامی لمحات مین ہیلن رچرڈسن نے بنایا۔
Load Next Story