پاکستانی کرکٹرز جمعے کوکراچی میں اکٹھے ہونگے

ہلکی پھلکی ٹریننگ شیڈول،ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کی آمد ہفتے کو متوقع

اتوار کو پہلا میچ،دونوں ٹیموں کو سخت گرم موسم کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا ۔ فوٹو : اے ایف پی

ویسٹ انڈیز سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے پاکستانی کرکٹرز جمعے کوکراچی میں اکٹھے ہونگے.

ہلکی پھلکی ٹریننگ کے بعد اتوار کو کیریبیئنز کیخلاف پہلا معرکہ ہوگا،مہمان ٹیم کی آمد ہفتے کو متوقع ہے،13کھلاڑی اور7آفیشلز شامل ہونگے، دونوں ٹیموں کو سخت گرم موسم کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔


تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز یکم،2 اور 3اپریل کو کراچی میں شیڈول ہیں،پی سی بی ذرائع کے مطابق سرفراز احمد کی قیادت میں منتخب اسکواڈ میں کراچی کے سوا دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز 30مارچ کو اکٹھے ہونگے،پی ایس ایل ختم ہونے کے بعد تربیتی کیمپ کیلیے وقت تھا نہ ضرورت محسوس کی گئی، تمام کھلاڑی اکٹھے ہوکر صرف ایک روز کیلیے ہلکی پھلکی ٹریننگ اور کوچز و کپتان پلاننگ کرینگے،اتوار کو سیریز کا پہلا میچ کھیلا جائے گا،دوسری جانب گذشتہ شب تک دورہ پاکستان کیلیے ویسٹ انڈین ٹیم کا اعلان سامنے نہیں آسکا تھا، پی سی بی ذرائع کے مطابق مہمان اسکواڈ میں 13کھلاڑی اور 7آفیشلز شامل ہونگے۔ کیریبیئنز کی آمد31مارچ کو متوقع ہے۔

دریں اثنا دونوں ٹیموں کو حریفوں کے ساتھ سخت موسم کا بھی مقابلہ کرنا ہوگا،نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو پی ایس ایل فائنل کے دوران ہی گرمی نے اپنے تیور دکھانا شروع کردیے تھے،اس کی شدت میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہی ہوا ہے، سمندر سے چلنے والی ہواؤں کی کمی اس کا سبب بتائی جا رہی ہے،سیریز کے دوران بھی تینوں دنوں میں درجہ حرارت34تک رہنے کی پیشگوئی ہوئی ہے، مختلف اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہونے سے حبس میں اضافے کی توقع ہو رہی ہے، ہلکی ہوائیں چلنے کے باوجود کھلاڑیوں اور شائقین کے پسینے چھوٹتے رہیں گے۔
Load Next Story