بارش کے بعد گندگی کے ڈھیر امراض پھوٹنے کا خدشہ

مختلف علاقوں میں نالے ابلنے لگے،پانی کھڑا رہنے سے مچھروں کی افزائش نسل تیزی سے ہوگی

موسلادھاربارش کے دوران ایم اے جناح روڈپرٹریفک رواں دواں ہے جبکہ مسافرایک بس پر خطرناک انداز میں سفر کررہے ہیں ۔ فوٹو: ایکسپریس

شہر میں موسلادھار بارش سے اسپتالوں میں پانی جمع ہوگیا۔

نکاسی آب کے ناقص انتظام کے باعث مریضوں اورتیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ادھر شہر میں جگہ جگہ جمع ہونے والے بارش کے پانی اور گندگی کے ڈھیر سے امراض پھیلنے کا خدشہ ہے،کوڑا کرکٹ، کچرے کے ڈھیرسے اٹھنے والا تعفن شہریوں کے لیے وبال جان بن گیاہے، تفصیلات کے مطابق پیرکو اچانک موسلادھار بارش کے نتیجے میں سول اسپتال کے شعبہ حادثات ،جناح اسپتال کے مرکزی گیٹ ،سو بھراج میٹرنٹی اسپتال سمیت دیگر اسپتالوں اور ادویات کے مرکزی ڈپوآئی آئی ڈپو میں بھی بارش کا پانی تالاب کی شکل اختیار کرگیا ۔




سول اسپتال کے شعبہ حادثات کے اندر اورسامنے بارش کا پانی جمع ہوگیا ، اسپتال انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے مریضوں اورتیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، جناح اسپتال کے مرکزی گیٹ کے سامنے اور حدود میں بارش کا پانی جمع رہا ،اسپتال میں جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہونے سے تعفن پھیلنے لگا ، سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کے اندر پانی جمع ہونے کے باعث خواتین کو اسٹریچر پر ڈال کرلایا جاتا رہا ،ادویات کے مرکزی ڈپوآئی آئی ڈپو کی حدود میں بارش کا پانی تالاب کی شکل اختیار کرگیا ،ڈپو میں ای پی آئی ( بچوں کے حفاظتی ٹیکہ جات) سندھ ایڈزکنٹرول پروگرام ، ڈرگ انسپکٹرز آفس اور نیوٹریشن کے دفاتر ہیں، ملازمین کی آمد ورفت شدید متاثر ہوئی، ڈپو میں بچوںکی حفاظتی ویکسین کا اسٹاک موجود ہوتا ہے،ویکسین کی افادیت کو برقرار رکھنے کیلیے مطلوبہ درجہ حرارت فراہم کیا جاتا ہے۔

تاہم بارش کے جمع ہونے والے پانی اوربجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے خدشہ ہے کہ اسٹور میں موجود ویکسین خراب ہوجائیں گی، علاوہ ازیں شہر میں جگہ جگہ جمع ہونے والے بارش کے پانی کے باعث امراض پھیلنے کا خدشہ ہے ،کوڑا کرکٹ، کچرے کے ڈھیرسے اٹھنے والا تعفن شہریوں کے لیے وبال جان بن گیاہے۔

ماہرین طب نے کہاکہ شہر میں گندگی و غلاظت اور تعفن کی وجہ سے وبائی امراض پھوٹ پڑسکتے ہیں، بارش کے جمع ہونیوالے پانی میں مختلف بیکٹیریاکی نشوونما ہوتی ہے، بارش کے پانی میں ڈنگی اورملیریاکا سبب بننے والے مچھروں کی افزائش نسل تیزی سے ہوتی ہے اور پانی میں مچھروں کے نئے پاکٹس بھی بن جاتے ہیں ماہرین طب کا کہنا ہے کہ سیوریج کے چھوٹے بڑے نالے بھی ابلنے سے شدیدتعفن بھی اٹھ رہا ہے جوسانس کے امراض کا باعث بن سکتا ہے، ماہرین طب نے والدین سے کہا ہے کہ وہ بچوںکوسختی سے بارش کے کھڑے پانی میں نہانے سے روکیں،کھڑے پانی میں نہانے سے طبی مسائل جنم لیتے ہیں۔
Load Next Story