ٹرانزٹ ٹریڈ کیلیے نیا محکمہ قائم یکم اکتوبرسے آپریشنل ہوگا

سربراہ گریڈ21کا افسر،ایف بی آرکے ممبرکسٹمزکورپورٹ کریگا،3ذیلی دفاتر ہونگے

سربراہ گریڈ21کا افسر،ایف بی آرکے ممبرکسٹمزکورپورٹ کریگا،3ذیلی دفاتر ہونگے، فائل فوٹو

وفاقی حکومت نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کیلیے کسٹمز ہائوس کراچی میں ڈائریکٹریٹ جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ کے نام سے نیا ادارہ قائم کردیا ہے جو یکم اکتوبر2012 سے آپریشنل ہوگا۔ اس ضمن میں ''ایکسپریس'' کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے دستیاب ایس آر او932(I)/2012 کے مطابق یہ ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے تمام معاملات دیکھے گا۔

نوٹیفکیشن کے تحت ڈائریکٹریٹ جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ اور اسکے ماتحت دفاتر کے اختیارات اور حدود و کا بھی تعین کردیا گیا ہے، کسٹمز ہائوس کراچی میں قائم ڈائریکٹریٹ جنرل ٹرانزٹ ٹریڈکے 3 ذیلی دفاتر ہونگے جو کوئٹہ، پشاور اور کراچی میں ہونگے جبکہ ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ ایف بی آر کے ممبر کسٹمز کو رپورٹ کرے گا اور اس کا سربراہ گریڈ21کا افسر ہوگا جسے ڈائریکٹر جنرل ٹرانزٹ ٹریڈ کا نام دیاجائے گا،

اسکے علاوہ اس ڈائریکٹریٹ کے ماتحت کلکٹر و ایڈیشنل کلکٹرز، اسسٹنٹ کلکٹرز سمیت دیگر حکام ہونگے، یہ محکمہ نئے افغانستان پاکستان ٹرانزٹ ٹریڈ ایگریمنٹ کے تحت ٹرانزٹ ٹریڈ کی مانیٹرنگ کریگا تاکہ اس کے غلط استعمال کو روکاجاسکے، اس کے علاوہ یہ ٹرانزٹ ٹریڈ کے سامان کی ترسیل کیلیے جدید ٹریکنگ سسٹم سمیت دیگر اقدامات کو عملی جامہ پہنچانے کیلیے بھی حکمت عملی وضع کریگا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلقہ تمام معاہدوں، قوانین اور پروسیجرز پر متعلقہ ریجنل ڈائریکٹریٹس اور کلکٹریٹس کے ذریعے عملدرآمد کرانا اسی محکمے کی ذمہ داری ہوگی،


ٹرانزٹ ٹریڈ سے متعلق پالیسی سازی کیلیے ایف بی آر کو ان پٹ فراہم اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ لائزون بھی قائم کریگا۔ نوٹیفکیشن میںبتایا گیا ہے کہ صوبہ سندھ بشمول کراچی بندرگاہ، پورٹ محمد بن قاسم، قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر ٹرانزٹ سے متعلق کسٹمز امور ڈائریکٹریٹ آف ٹرانزٹ ٹریڈ کراچی کے دائرہ کار میں دے دیے گئے ہیں اور ان علاقوں میں اور بندرگاہوں پر ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت بلک میں آنے والے تیل سمیت دیگر ٹرانزٹ کی اشیا کی ایگزامینیشن، کلیئرنس، پراسیسنگ اورڈیٹا کی ری کنسیلیشن اسی ادارے کی ذمے ہوگی،

ٹرانزٹ کے سامان کی ترسیل کیلیے ٹرانسپورٹ آپریٹرز کے لائسنس کا اجرا، ایڈجوڈیکیشن کے تحت واجبات کی وصولی، ٹرانزٹ کارگو کی نقل و حمل اور پراسیسنگ و کلیئرنس کے دوران پیدا ہونے والے معاملات کو نمٹانا بھی اس ادارے کی ذمے داری ہوگی۔ دستاویز کے مطابق بلوچستان بشمول کسٹمز اسٹیشن سمندری بندرگاہیں، ایئرپورٹس بلوچستان کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات(پاٹا) میں ٹرانزٹ کے حوالے سے کسٹمز سے متعلقہ تمام معاملات ڈائریکٹر ڈائریکٹریٹ ٹرانزٹ ٹریڈ کوئٹہ کے دائرہ اختیار میں ہونگے،

اسی طرح صوبہ خیبر پختونخوا بشمول کسٹمز اسٹیشنز، صوبہ خیبر پختونخوا کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (پاٹا)اور وفاقی کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا)میں ٹرانزٹ سے متعلقہ کسٹمز کے تمام معاملات ڈائریکٹر ڈائریکٹریٹ ٹرانزٹ ٹریڈ پشاور کے دائرہ اختیار میں ہونگے۔ نوٹیفکیشن میںکہا گیا ہے کہ پنجاب اور گلگت بلتستان میں ٹرانزٹ ٹریڈ کے حوالے سے کسٹمز سے متعلقہ معاملات نوٹیفائڈ جوریزڈکشن کے مطابق متعلقہ کلکٹریٹ نمٹائیں گے۔
Load Next Story