سول اسپتال میں مریض کی ٹانگ سے 15 کلو وزنی رسولی نکال لی گئی

7ڈاکٹروں کی ٹیم نے3گھنٹے آپریشن کیا، ٹیومر 40 کلو ہے، مزید 4 آپریشن ہوں گے، ڈاکٹر توفیق

کینسر میں مبتلا عیسیٰ پالاری جامشورو کا رہائشی اور 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے، ڈاکٹر۔ فوٹو:فائل

سول اسپتال کراچی کی تاریخ میں پہلی بار کینسر کے مرض میں مبتلا مریض کی ٹانگ کا آپریشن کامیابی سے مکمل کرکے15کلو وزنی رسولی (ٹیومر) نکال دیا گیا ہے۔

ڈاکٹر روتھ فاؤ سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد توفیق نے بتایا ہے کہ کینسر میں مبتلا 20 سالہ مریض عیسیٰ پالاری نوری آباد ضلع جامشوروکا رہائشی اور 8 بہنوں کا اکلوتا بھائی ہے عیسیٰ کی سیدھی ٹانگ میں 5 سال قبل سوجن شروع ہوئی جو اب تک 40کلو وزنی ٹیومر بن چکا ہے ٹیومرجسم میں پھیل رہا تھا عیسیٰ کی ٹانگ سے پہلے آپریشن میں 15کلو ٹیومر نکالا گیا ہے آئندہ ماہ مزید 4 آپریشن کیے جائیں گے تاکہ باقی ٹیومر بھی نکالا جاسکے۔


ڈاکٹر محمد توفیق نے بتایا کہ پروفیسر ڈاکٹر نوشاد شیخ کی سربراہی میں سول اسپتال کے7 ڈاکٹروں کی ٹیم نے3 گھنٹے مسلسل آپریشن کیا، جوکامیاب رہا میڈیکل ٹیم میں پلاسٹک سرجن،آرتھوپیڈک سرجن اورسرجری کے پروفیسر بھی شامل تھے۔

عیسیٰ کے آپریشن کے بعد اس کی بہنیں اور والدین خوش ہیں ایک سوال پر انھوں نے بتایا کہ یہ مرض بہت ہی کم ہوتا ہے مریض روبہ صحت ہے دو ہفتوں میں چلنے کے قابل ہوجائے گا۔ آپریشن کے بعد ٹیشوکو بائیو ایپسی کے لیے بھیجا ہے تاکہ اس مرض کے ہونے کی وجوہات سامنے آسکیں رپورٹ ایک ہفتے میں آجائے گی۔

سول اسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ایم توفیق نے مریض عیسی پالاری کے علاج کے لیے پروفیسر نوشاد شیخ، ڈاکٹر فیصل، ڈاکٹر شہاب بیگ، ڈاکٹر ،مظہر نظام، ڈاکٹر ناصر زمان پر مشتمل خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا بورڈ نے مریض کا مکمل معائنہ کرکے فوری آپریشن تجویز کیا کیونکہ ٹیومر آدھے جسم تک پھیل گیا تھا بروقت آپریشن نہ ہونے کی صورت میں جسم میں انفیکشن ہوسکتا تھا بورڈ نے یہ فیصلہ کیا کہ کم از کم 6 بار سرجری کرنے کی ضرورت پیش آئے گی جس کے تحت پہلا آپریشن کامیابی سے کرلیا گیا ہے۔
Load Next Story