اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کا آئی پی ایل سے بھی بوریا بستر گول

بال ٹیمپرنگ کے سبب آئندہ ماہ شیڈول ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی

بال ٹیمپرنگ کے سبب آئندہ ماہ شیڈول ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں ہو گی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

آئی پی ایل سے بھی اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کا بوریا بستر گول ہوگیا۔

اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کے بعد آئی پی ایل کے دروازے بھی بند ہوگئے، وہ رواں سیزن میں حصہ نہیں لے سکیں گے، اسمتھ کوراجستھان رائلز اور وارنر کو سن رائزرز حیدرآباد نے 1.9 ملین ڈالرز میں خریدا تھا۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں کو ہی اپنی اپنی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا تاہم بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد پہلے ہی اپنی ذمہ داری سے الگ ہوگئے تھے۔

آئی پی ایل کے چیئرمین راجیو شکلا نے کہاکہ دونوں کھلاڑیوں پر ان کے ملک نے پابندی عائد کی، ہم کرکٹ آسٹریلیا کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، اس لیے انھیں اس سیزن میں نہیں کھیلنے دیں گے، فرنچائزز کو متبادل لینے کی اجازت ہوگی، ہم نے یہ فیصلہ جلد بازی میں نہیں بلکہ سوچ سمجھ کر کیا ہے۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا کہ ٹاپ آفیشلز نے اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر کی آئی پی ایل 2018 میں شرکت پر پابندی عائد کی ہے، بی سی سی آئی کو پوری توقع ہے کہ جو پلیئرز اور آفیشلز اس لیگ میں حصہ لیں گے وہ اسپرٹ آف کرکٹ کو مقدم اور کوڈ آف کنڈیکٹ کی پاسداری کریں گے۔
Load Next Story