صنعتی علاقوں کی فنڈنگ کیلیے وزیر اعظم سے ملوں گا خالد تواب

آئی ٹی مشیر میاں زاہد کے اعزاز میں عشائیہ سے ایس ایم منیر، اقبال پاک والا ودیگر کا خطاب۔

آئی ٹی مشیر میاں زاہد کے اعزاز میں عشائیہ سے ایس ایم منیر، اقبال پاک والا ودیگر کا خطاب۔ فوٹو : ایکسپریس

کراچی کے صنعتی علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے وفاقی حکومت سے جلد ہی ایک ارب روپے مالیت کے فنڈز کا اجرا کرایا جائے گا۔

یہ بات نگراں وزیر صنعت وتجارت سندھ خالد تواب نے نگراں مشیر انفارمیشن ٹیکنالوجی میاں زاہد حسین کے اعزازمیں دیے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں بالخصوص کورنگی اورسائٹ کے لیے وفاق کی جانب سے25،25 کروڑ روپے کی مساوی گرانٹ جاری کرانے کے لیے وہ بہت جلد نگراں وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے کیونکہ مذکورہ گرانٹ کی فوری منظوری صنعتی علاقوں کے انفرااسٹرکچر کی بہتری خاص طور پر سائٹ کی خستہ حال سڑکوں کی مرمت کے انتہائی ضروری ہے جنہیں نگراں دور میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔




اس موقع پر میاں زاہد حسین نے کہا کہ کراچی کوصرف تجارتی کے بجائے صنعتی شہر بنانا ہے تاکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوسکیں غربت کی شرح میں کمی ہواور مجموعی قومی پیداوار وبرآمدات کے حجم میں اضافہ ہوسکے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ نگراں حکومت کے قیام کے بعدکراچی میں امن و امان کی صورت حال میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور حالات خاصی حد تک بہتر ہوئے ہیں، جرائم کی شرح بھی 50 فیصد گھٹ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نگراں دورحکومت میں یہ وہی پولیس اور رینجرز ہے جو شہرمیں قیام امن کی انتہائی مستعدی کے ساتھ کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی نگراں حکومت میں تاجر برادری کی بھرپور نمائندگی کا سہرا گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العبادکے مرہون منت ہے جنہوں نے تاجربرادری کی سفارشات میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے تجاویز پر عمل درآمد کویقینی بنایا۔ کاٹی کے چیئرمین زبیر چھایا نے کہا کہ کراچی خصوصاً شہر کے صنعتی علاقوں میں نگراں حکومت کے قیام کے بعد بہتری نظر آرہی ہے، نگراں کابینہ میں تاجربرادری کی بھرپور شمولیت اس بات کی غماز ہے کہ تاجر ملک کو اچھی قیادت فراہم کر سکتے ہیں۔ عشائیہ سے نگراں وزیر برائے خوراک اقبال پاک والا، نگراں وزیر برائے مذہبی امور سردار یٰسین ملک، ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر ملک اور ریحان جاوید شیخ نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story