پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کرکٹ میچز میں موثر سیکیورٹی کا فیصلہ

میٹرک کے طلبا کو امتحانی مراکز باآسانی پہنچنے کے لیے بھی تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں، مراد علی شاہ

3 میچوں کے باعث کچھ سڑکیں بھی بند ہوسکتی ہیں، وی وی آئی پی کلچر کی حوصلہ شکنی کرنی ہے، خطاب۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے پاکستان ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچز کے لیے متعلقہ حکام کو فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس میں وزرا جام خان شورو، ناصر شاہ، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر اوردیگر افسران نے شرکت کی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس کے تمام شرکا اور دیگر متعلقہ اداروں اور افسران کو پی ایس ایل ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی،انھوں نے کہا کہ یہ آپ سب کی کامیابی ہے، ہم نے یہ ثابت کردیاہے کہ ہم اس شہر میں اورصوبے میں کہیں بھی بہترین ایونٹس منعقد کرسکتے ہیں،یہ پاکستان کی کامیابی ہے۔

پی ایس ایل کے انتظامات شاندار تھے،ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید کی سفارشات پر وزیراعلیٰ نے مختلف ٹاسک کے انچارجز کو نامزد کیا،ڈی آئی جی جنوبی ہوٹل سیکیورٹی کے انچارج ہوں گے،ڈی آئی جی ٹریفک روٹس کے انچارج ہوں گے،ڈی سی شرقی پارکنگ اقدامات کے انچارج ہوں گے،اس بات کا بھی فیصلہ کیاگیا کہ اس بار پینے کے پانی کا وافر مقدار میں بندوبست کیا جائے گا، پی سی بی نے مزید فوڈ اسٹالز کے انتظامات کرنے پر بھی زور دیا ہے۔


وزیر اعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ میچ شام 7:30 بجے تا 8:00 بجے تک شروع ہوسکے گا،اس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان دنوں میں میٹرک کے امتحانات بھی ہورہے ہیں لہٰذا طلبا کے امتحانی مراکز میں پہنچنے کے حوالے سے سہولت پہنچانے کیلیے بھی تمام تر ضروری اقدامات کیے جائیں، 3 میچوں کے باعث کچھ سڑکیں بند ہوسکتی ہیں مگر سڑکوں کی اس بندش سے امتحانات کا عمل کسی صورت بھی متاثر نہیں ہونا چاہیے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پارکنگ کیلیے اسٹیکرز مختلف دنوں کے حوالے سے مختلف ہوں گے، ہر ایک دن کے لیے کلر اسکیم مختلف ہو گی اور اسٹیکرز میں پارکنگ کا مقام بھی شامل ہوگا،وی وی آئی پی اسٹیکر بھی مختلف رنگوں میں ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کم سے کم وی وی آئی پی اسٹیکر جاری کرنے پر زور دیا،انھوں نے کہا کہ ہم نے وی وی آئی پی کلچر کی حوصلہ شکنی کرنی ہے،تمام شرکا نے بھی وزیر اعلیٰ سندھ کو پی ایس ایل میچز میں ذاتی طورپر دلچسپی لینے اور اسے تاریخی ایونٹ بنانے پر مبارک باد دی اور کہا کہ اب اس ایونٹ کو بھی ہم تاریخی بنائیں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ سندھ اور پاکستان کے لوگوں کی کامیابی ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ ملک میں واپس آئی،وزیر اعلیٰ نے وزیر بلدیات کو ہدایت کی کہ وہ میئر کے ساتھ رابطے میں رہیں،شہر کو کرکٹرز کی تصاویر کے ساتھ سجایا جائے۔
Load Next Story