کراچی میں فائرنگ پر تشدد واقعات متحدہ کے کارکن سمیت7ہلاک

کھارادر میں متحدہ کے کارکن رکشا ڈرائیور محمد انور کی ہاتھ پائوں بندھی لاش پھینک کر ملزمان فرار،یوپی موڑ پر نوجوان قتل

بدچلنی کے شبہے میں شوہر نے فائرنگ کرکے بیوی کو مارڈالا، پڑوسن زخمی، میٹروول میں خالی پلاٹ سے 6 سالہ بچے کی لاش ملی فوٹو: فائل

لاہور:
شہر کے مختلف علاقوں میںجس تیزی سے پولیس اور رینجرز کے آپریشن جاری ہیں اسی تیزی کے ساتھ دہشت گرد بھی اپنی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

فائرنگ و پرتشدد واقعات میں پیر کو بھی متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے ، تفصیلات کے مطابق کھارادر کے علاقے پھول چوک سے ایک شخص کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ محمد انور ولد محمد عثمان کے نام سے ہوئی جوکہ متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن بتایا جاتا ہے۔ ، پولیس کے مطابق مقتول رکشا ڈرائیور تھا، پہلے پان منڈی کا رہائشی تھا اوراب بلدیہ ٹائون میں رہائش اختیار کرلی تھی۔

نامعلوم ملزمان نے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا اور ہاتھ پائوں باندھ کر لاش پھینک کر فرار ہوگئے۔ نیو کراچی کے علاقے یو پی موڑ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے25 سالہ محمد عرفان ولد محمد اسماعیل ہلاک ہوگیا ، پولیس کے مطابق مقتول حال ہی میں جیل سے رہا ہوکر آیا تھا ، شبہ ہے کہ اس کے ساتھیوں نے رقم کے بٹوارے پر اسے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ۔ سرجانی ٹائون کے سیکٹر تھری میں کنیز فاطمہ ہائوسنگ سوسائٹی میں مراقبہ ہال سے آگے گٹر کے اندر سے نامعلوم شخص کی لاش ملی جوکہ انتہائی جھلسی ہوئی تھی ، نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد اسے جلا کر ہلاک کردیا ۔

لاش ایدھی سرد خانے منتقل کردی گئی۔سرجانی ٹائون کے ہی علاقے یوسف گوٹھ میں گھر میں گھس کر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے ایک خاتون ہلاک اور دوسری زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق ملزم جاوید نے ساتھیوں کے ہمراہ گھر میں گھس کر اپنی اہلیہ 35 سالہ تسلیم اور پڑوسن 30 سالہ صائمہ زوجہ ابراہیم پر فائرنگ کردی ، دونوں کو زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دوران علاج چند گھنٹے موت و زیست کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد تسلیم ہلاک ہوگئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو بدچلنی کا شبہ تھا کہ اس کی پڑوسن صائمہ اس کی اہلیہ کو بھی غلط راہ پر لگارہی ہے ، واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا۔




 

شارع فیصل کے علاقے جوہر موڑ پر سیکیورٹی گارڈ 21 محمد ابراہیم ولد عبیداللہ سے اپنا ہی رپیٹر اتفاقیہ طور پر چل جانے سے سینے میں گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق مقتول فراز ایونیو بلاک 20گلستان جوہر میں ڈیوٹی دے رہا تھا کہ اچانک گولی چل جانے سے ہلاک ہوگیا ، مقتول مدو گوٹھ یونیورسٹی روڈ کا رہائشی تھا۔ میٹروول میں خالی پلاٹ سے 6 سالہ بچے کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد گلا گھونٹ کر ہلاک کردیا۔

پولیس کے مطابق بچے کی شناخت ثاقب علی ولد غلام عباس کے نام سے ہوئی جو کہ قائد اعظم کالونی عظیم گوٹھ کا رہائشی تھا ، بچے کا باپ مزدور پیشہ ہے ، بچے کے والد غلام عباس نے اتوار کو اس کی گمشدگی کی رپورٹ لکھوائی تھی۔ کھوکھراپار کے علاقے نور افشاں کالونی میں گھر سے لاش ملی جوکہ پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی ہے ، لاش کی حالت سے لگتا ہے کہ وہ نشے کا عادی تھا ، شاہ فیصل کالونی نمبر پانچ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 28 سالہ سلمان ولد اکرام زخمی ہوگیا۔

Recommended Stories

Load Next Story