پاکستان کوجی ایس پی پلس دلوانے میں مدد کرینگےجرمن سفیر

وفاقی وزیرتجارت سے ملاقات،فشریزبرآمدات کی بحالی کیلیے بھی حمایت...

وفاقی وزیرتجارت سے ملاقات،فشریزبرآمدات کی بحالی کیلیے بھی حمایت کا یقین دلایا ۔ فوٹو ای پی پی

جرمنی نے پاکستان کو یورپی یونین میں جی ایس پی پلس اسکیم کا درجہ دلانے اور فشریز برآمدات بحال کرانے میں بھرپور حمایت کا یقین دلادیا۔ اس ضمن میں جرمنی کے سفیر ڈاکٹر سائرل نن نے جمعرات کو سینئر وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم سے ملاقات کی۔ انہوں نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ جرمنی کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں توانائی شعبہ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہیں،


جی ایس پی کا درجہ ملنے سے پاکستان کو فائدہ ہوگا اور یہ اسکیم جرمنی کو سیاسی تناظر میں فائدہ دے گی کیونکہ جی ایس پی پر عملدرآمد سے پاکستان پر انسانی حقوق کے حوالے سے تمام قوانین سختی سے لاگو ہونگے۔ مخدوم امین فہیم نے جرمنی کے سفیر کا یورپی یونین میں حمایت کیلے مثبت کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہاکہ پاکستان اور جرمنی دوطرفہ تجارت میں اضافے کیلیے مل کر کام کر رہے ہیں، جرمن وزیر زراعت دو ماہ بعد پاکستان کے دورے پر آ رہے ہیں

جبکہ پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر ایک ماہ بعد جرمنی کا دورہ کرینگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی فشریز مصنوعات اب عالمی معیار کا مقابلہ کر رہی ہیں، امید ہے کہ یورپی یونین کو فشریز برآمدات بحال کر دی جائینگی اور جرمنی اس معاملہ میں تعاون کریگا، اس وقت پاکستان اپنی برآمدات کا 20 فیصد یورپی یونین کو برآمد جبکہ 21 فیصد درآمد کرتا ہے، پاکستان اور جرمنی کا دوطرفہ تجارتی حجم بڑھ کر 1.27 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے جس میں مزید اضافہ کیا جائیگا۔
Load Next Story