بینظیر قتل کیس میں پرویز مشرف کی13اپریل کو طلبی

سابق صدر کی پیشی تک مزید کارروائی روک دی گئی، تمام ملزمان پر از سر نو فرد جرم عائد کی جائیگی.

ایف آئی اے نے سماعت چیلنج کردی، عدالت سے پرویز مشرف کا الگ ٹرائل کرنے کی اپیل۔ فوٹو: فائل

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمن نے سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو شہادت کیس کی سماعت13اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے مقدمے کے8ویں ملزم سابق صدر جنرل پرویز مشرف کو بھی آئندہ تاریخ پر عدالت طلب کر لیا ہے۔


پرویز مشرف کی عدالت میں پیشی تک مقدمے کی مزیدکارروائی روک دی گئی ہے، ملزم پرویز مشرف کے آنے پر تمام ملزمان پر از سر نو فرد جرم عائد کی جائے گی اور ملزمان کیخلاف تمام گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔ پیر کو بھی پرویز مشرف ہائی کورٹ سے ضمانت کی منظوری کے باعث عدالت میں پیش نہیں ہوئے جس کے باعث عدالت نے مذید کوئی کارروائی نہیں کی اور کیس کی روزانہ کی بنیاد پرسماعت بھی پرویزمشرف پر فرد جرم عائد ہونے تک موخرکردی گئی۔

دریں اثنا وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے بینظیر قتل کیس کی از سر نو سماعت کے فیصلے کولاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں چیلنج کردیا۔ ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر چوہدری ذوالفقار کی جانب سے درخواست دائرکی گئی کہ پرویز مشرف کا الگ ٹرائل کیا جائے ۔ کیس میں 30سے زیادہ شہادتیں ریکارڈ ہوچکی ہیں، نئے سرے سے کیس کی سماعت کے باعث ان پر اثر پڑے گا۔ آن لائن کے مطابق ایف آئی اے کی جا نب سے کہاگیا ہے کہ مشرف کا انتظارکیے بغیر عد التی کارروائی جاری رکھی جائے اورسابق صدرکی حد تک ٹر ائل الگ کردیا جائے۔
Load Next Story