حصص مارکیٹ بلند سے بلند تر پہلی بار 18700 پوائنٹس کی حد عبور

اینگرو، ایم سی بی اور او جی ڈی سی ایل کے حصص میں خریداری سے تیزی، انڈیکس 60 پوائنٹس بڑھ کر 18713 پر بند۔

372 میں سے 192 کمپنیوں کی قیمتوں، مارکیٹ سرمائے میں 13 ارب 63 کروڑ کا اضافہ، 12 کروڑ 83 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: فائل

کراچی اسٹاک ایکس چینج میں منگل کوبھی تیزی کا تسلسل برقرار رہا جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بارانڈیکس 18700 کی حد بھی عبور کرگیا۔

تیزی میں تین بڑے حجم کے اسٹاکس جن میں اینگرو کارپوریشن، ایم سی بی بینک اوراوجی ڈی سی ایل شامل ہیں میں ہونے والی ترجیحی خریداری سرگرمیوں نے اہم کردار ادا کیا اور مذکورہ 3 کمپنیوں کی تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے انڈیکس میں55 پوائنٹس کا اضافہ ہوا کیونکہ مارکیٹ میں یہ خبرزیرگردش رہی کہ اینگرو کو اضافی گیس فراہم کرنے کی حکمت عملی وضع کی جارہی ہے۔

اس کے ساتھ ہی سیمنٹ، فرٹیلائزر اور ٹیلی کام سیکٹر میں بھی محدود پیمانے پرخریداری سرگرمیاں بھی برقرار رہیں، ان شعبوں کی مصنوعات کی فروخت کے حجم میں اضافے اور مالیاتی حالات میں بہتری کی توقعات پر خریداری کی گئی جس سے مارکیٹ کا مورال بلندی کی جانب گامزن رہا۔




ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ سرمایہ کاروں کی اکثریت 12 اپریل کو نئی مانیٹری پالیسی کا انتظار کررہے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ مرکزی بینک موجودہ ڈسکاؤنٹ ریٹ کو مستحکم رکھے گا، تیزی کے باعث 51.61 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید 13 ارب 63 کروڑ24 لاکھ66 ہزار67 روپے کا اضافہ ہوگیا، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس60.55 پوائنٹس کے اضافے سے18713.61 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس53.72 پوائنٹس کے اضافے سے14604.83 اور کے ایم آئی30 انڈیکس71.14 پوائنٹس کے اضافے سے33062.01 ہوگیا۔

کاروباری حجم پیر کی نسبت4 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر12 کروڑ83 لاکھ14 ہزار 110 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار372 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں192 کے بھاؤ میں اضافہ، 154 کے داموں میں کمی اور 26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Recommended Stories

Load Next Story