کپتانی میرا مسئلہ نہیں مصباح کی زیر قیادت کھیلنے کو بھی تیار ہوں حفیظ

رنجش کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں، ہمیں شکست کو بر داشت کر نے کا حوصلہ پیدا کر نا ہوگا، تجربہ کار آل راؤنڈر

لاہور: پاکستانی کپتان مصباح الحق پریس کانفرنس میں سوال کا جواب دے رہے ہیں، حفیظ بھی موجود۔ فوٹو : اے ایف پی

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتانوں مصباح الحق اور محمد حفیظ نے آپس میں اختلافات کی خبروں کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بے پرکی پھیلانے والے ٹیم کا ہی نقصان نہیں کر رہے بلکہ ملک کے ساتھ بھی زیادتی کر رہے ہیں۔

ہمارے درمیان کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے ، ہمیں شکست کو بر داشت کر نے کا حوصلہ پیدا کر نا ہو گا ، ٹیم کے کوچز تبدیل کرنے کی باتیں بنانے والوں کی اپنی سوچ ہے۔ ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم کا ماحول آئیڈیل ہے اور ہم سب مل کر اچھا کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ٹوئنٹی20 کے قائد محمد حفیظ کے مطابق مصباح الحق اچھے دوست ہیں،مجھ سمیت کپتانی کسی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، ہم کسی بھی کھلاڑی کی قیادت میں کھیلنے کو تیار رہتے ہیں۔ 2010 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے جو گند پھیلا دیا گیا تھا اس کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان ملے جلے خیالات کا اظہار قومی ٹیم کے دونوں کپتانوں نے قومی ون ڈے ٹورنامنٹ میچ کے اختتام کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

مصباح الحق نے کہا کہ دورۂ جنوبی افریقہ کے دوران ہی میڈیا سے بات چیت میں واضح کر دیا تھا کہ ٹیم میں اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے بلکہ من گھڑت اور بے بنیاد خبریں پھیلا کر انارکی پھیلانے کی یہ ایک کوشش ہے۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی ٹیم ہارتی ہے تو اس طرح کی باتیں شروع کر دی جاتی ہیں، پروٹیز کے ہاتھوں شکست کی وجہ لڑائی نہیں بلکہ میزبان ٹیم کا اچھا کھیل تھا، ہمیں ماننا چاہیے کہ پروٹیز ہر شعبے میں ہم سے اچھی کرکٹ کھیلے۔مصباح الحق نے کہا کہ ٹیم کا ماحول آئیڈیل ہے اور ہم سب مل کر اچھا کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔

دلبرداشتہ مصباح الحق نے کہا کہ میری سمجھ میں نہیں آتا کہ بعض لوگوں کو اتنی دور بیٹھ کر اختلافات کا کیسے اندازہ ہو جاتا ہے، اگر کوئی ایسی چیزہو تو سب سے پہلے ان کو معلوم ہونا چاہیے جو ہمارے قریب ہوتے ہیں۔سابق چیئر مین اعجاز بٹ کی طرف سے ڈیو واٹمورکی جگہ کسی مقامی کھلاڑی کو کو چ بنانے کے مطالبے پر مصباح نے کہا کہ یہ ان کی اپنی سوچ ہے اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا تاہم جو کوچ بھی ٹیم کے ساتھ کام کر رہا ہو تا ہے اس کی کو شش ہو تی ہے کہ ٹیم کو کامیا بی دلائی جائے۔




ٹوئنٹی20 ٹیم کے کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ میں اور مصباح دونوں اچھے دوست ہیں، ٹیم متحد ہے اور کھلاڑی ملک وقوم کی نیک نامی کیلیے کوشاں ہیں تاہم میڈیا کے کچھ حضرات بغیر کسی ثبوت کے بریکنگ نیوز چلا دیتے ہیں، ایسی باتوں سے ٹیم کا ماحول خراب ہوتا ہے، میری ایسے لوگوں سے گزارش ہے کہ وہ ایسا کام کریں جس میں نقصان کی بجائے ٹیم کا فائدہ ہو۔ ٹوئنٹی20 کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ اختلافات کی خبروں سے پریشانی ضرور ہو تی ہے مگر ان سے کا ر کردگی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

محمد حفیظ نے کہا کہ جب ٹیم ٹور پر ہوتی ہے تو اس وقت ہی اختلافات کی خبریں کیوں منظر عام پر لائی جاتی ہیں۔ایسا کر کے ملک کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے اور ٹیم کا امیج خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کپتانی میرا مسئلہ نہیں ہے، پی سی بی مصباح کسی کو بھی کپتان بناتا ہے تو ہم ایک کھلاڑی کے طور پر بھی ٹیم کی نمائندگی کرنے کیلیے تیار ہوتے ہیں کیونکہ ہمارا مقصد اپنی پرفارمنس سے ملک وقوم کا نام روشن کرنا ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی سی بی نے جب سے مجھے مختصر طرز کی کرکٹ ٹیم کا کپتان بنایا ہے، میرے اختلافات دوسروں کیساتھ جوڑے جا رہے ہیں، پہلے میرے اختلافات عبدالرزاق کے ساتھ جوڑے گئے حالانکہ اس نے خود ان الزامات کی تردید کی، ملک میں موجود نہ ہونے کی وجہ سے وہ ون ڈے ٹورنامنٹ میں شریک نہ ہو سکا، آل راؤنڈر کی لاہور ٹیم کی نمائندگی نہ کرنے کی وجہ بھی مجھے ہی گردانا گیا۔

اعجاز بٹ کی رائے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ وہ اہم شخصیت ہیں، ایسی بات نہ کریں جس کا کوئی ثبوت نہ ہو۔ انھوں نے کہا کہ 2010 سے جو گند پھیلا دیا گیا تھااس کو دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سب کو سوچنا چاہیے اس میں ٹیم اور ملک دونوں کا نقصان ہے۔
Load Next Story