متحدہ و دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ پی پی کی کمیٹی قائم

قائم علی شاہ ، فریال سربراہی کرینگے، پیر مظہر، تاج حیدر، سراج درانی اور خورشید شاہ بھی شامل

بلاول بھٹو نے باضابطہ منظوری دیدی، کمیٹی کی سفارشات پرمرکزی قیادت اہم فیصلے کرے گی

پیپلزپارٹی کی مرکزی قیادت نے سندھ کی سطح پر متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلیے سید قائم علی شاہ اور فریال تالپور کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے۔


پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کمیٹی کے قیام کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق اس کمیٹی میں پیر مظہر الحق، تاج حیدر،آغا سراج درانی اور سید خورشید شاہ اور دیگر شامل ہوںگے ۔ یہ کمیٹی ایم کیو ایم سے کراچی، حیدر آباد، سکھر، میرپورخاص اور شہید بے نظیر آباد (نواب شاہ) میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے بات چیت کرے گی جبکہ اسی کمیٹی کو سندھ کے تمام اضلاع میں ہم خیال جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلیے فوری مذاکرات کا بھی ٹاسک دیا گیا ہے۔

پیپلزپارٹی کے سرپرست اعلیٰ نے کمیٹی کوہدایت کی ہے کہ سندھ کی سطح پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے مذاکرات کا عمل ایک ہفتے میں مکمل کرلیا جائے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں پارٹی کی مرکزی قیادت سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے اہم فیصلے کرے گی ۔

Recommended Stories

Load Next Story