صدرزرداری سے جنرل وائیں اورجنرل کیانی کی ملاقاتیں

اقلیتوں کیخلاف توہین رسالت قانون کے غلط استعمال کی اجازت نہیںدینگے،خطاب

اسلام آباد :صدر زرداری سے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل وائیں ملاقات کررہے ہیں۔ فوٹو ایکسپریس

صدر آصف زرداری سے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل خالد شمیم وائیں اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں الگ الگ ملاقاتیں کیں، اس دوران ملکی سلامتی کی صورتحال اور پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پرتبادلہ خیال کیا گیا، صدر نے قومی سلامتی کو یقینی بنانے کیلیے مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر مملکت اور آرمی چیف کی ملاقات میں پاک ، امریکا تعلقات پر بھی بات ہوئی۔ دریں اثنا اقلیتوں کے قومی دن پر ایوان صدر میں اقلیتی نمائندوں کے اعزازمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ وہ اقلیتوں کے خلاف توہین رسالت کے قانون کے مخصوص مفادات کیلیے غلط استعمال سے آگاہ ہیں، ہم اقلیتوں سمیت کسی بھی طبقے کے خلاف کسی قانون کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دیںگے۔

حکومت اقلیتوں کیلیے مساوی حقوق کا عزم رکھتی ہے، صدر نے کہا کہ تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مذہبی سکالرز اکھٹے ہوں اور توہین رسالت کے قانون کے غلط استعمال کو روکنے کا طریقہ کار تجویز کریں، صدر نے کہا کہ ہمیں ملک میں جمہوری اقدار اور ثقافت کو فروغ دینا چاہیے کیونکہ تشدد اور انتہا پسندی کے خلاف یہ سب سے موثر ہتھیار ہے۔ صدر نے اس موقع پر سابق وفاقی وزیر شہباز بھٹی کی خدمات کوسراہا اور انہیں قومی ہیرو قرار دیا۔
Load Next Story