مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے آپریشن 132 افراد گرفتار

اسلحہ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا، گرفتار افراد میں گینگ وار کے کارندے، ٹارگٹ کلرز اور دیگر شامل

جوبلی سے حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کیلیے خواتین کاپاکستان چوک پر رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے سامنے مظاہرہ ۔ فوٹو: محمد شاہد / ایکسپریس

پولیس و رینجرز نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 132 ملزمان کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ ، منشیات اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ۔

جوبلی سے حراست میں لیے گئے افراد کی رہائی کے لیے خواتین نے پاکستان چوک پر رینجرز ہیڈ کوارٹرز کے سامنے مظاہرہ بھی کیا ، تفصیلات کے مطابق رینجرز نے پرانی سبزی منڈی کے علاقے کرنال بستی ، رنچھوڑ لائن ، رابعہ سٹی ، لائنز ایریا ، پان منڈی اور لیاقت آباد سی ون ایریا میں آپریشن کیے۔

اس دوران متعدد افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ، حراست میں لیے گئے افراد کو آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین نے ایکسپریس کو بتایا کہ رینجرز نے مذکورہ علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 34 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے 40 ہتھیار برآمد کرلیے ، انھوں نے مزید بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد میں گینگ وار کے کارندے ، بھتہ خور اور ٹارگٹ کلرز شامل ہیں۔


علاوہ ازیں ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے گزشتہ روز گل پلازہ ، جوبلی و اطراف کے علاقوں میں بھی ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے 20 افراد کو حراست میں لیا ، آپریشن کے خلاف علاقہ مکینوں نے پاکستان چوک پر واقع رینجرز کے ہیڈ کوارٹرز کے سامنے مظاہرہ کیا ، انھوں نے مطالبہ کیا کہ رینجرز نے بے گناہ افراد کو حراست میں لیا ہے لہٰذا انھیں فوری طور پر رہا کیا جائے۔



احتجاج کے باعث پاکستان چوک ، برنس روڈ ، آئی آئی چندریگر روڈ ، صدر ریگل اور دیگر متصل شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا ،علاوہ ازیں حسن اسکوائر پر شہریوں نے اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرنے والے ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا ، عزیز بھٹی پولیس کے مطابق ڈاکو شاہد اسلحے کے زور پر لوٹ مار کررہا تھا کہ شہریوں نے پکڑ کر اسے پولیس کے حوالے کردیا ۔

دریں اثنا ضلع سینٹرل کے مختلف تھانوں کی پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 77 ملزمان کو گرفتار کرلیا، لیاقت آباد ، سپر مارکیٹ ، رضویہ ، فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا ، گبول ٹاؤن ، جوہرآباد ، نارتھ ناظم آباد، خواجہ اجمیر نگری ، نیو کراچی صنعتی ایریا اور سرسید ٹاؤن سے 19 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، گلبہار ، ناظم آباد ، رضویہ ، بلال کالونی ، نیو کراچی انڈسٹریل ایریا نے 8 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ دیگر کارروائیوں میں 50 مفرور ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
Load Next Story