ڈیوس کپ کا متنازع فیصلہ پاکستان کیخلاف گہری سازش ہے اعصام

آئی ٹی ایف کے سامنے خود پاکستان کاموقف پیش کروں گا، سری لنکن میچ ریفری کے فیصلے پر دنیا بھر کے۔۔۔، پاکستانی اسٹار

لاہور:پاکستانی ٹینس اسٹار اعصام الحق ڈیوس کپ ٹائی میں ہونے والی ناانصافی پر پریس کانفرنس کررہے ہیں،عقیل خان بھی اس موقع پر موجود ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ٹینس اسٹار اعصام الحق کا کہنا ہے کہ ڈیوس کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹائی کا فیصلہ پاکستان ٹینس کے خلاف گہری سازش ہے۔

اس معاملے میں خود آئی ٹی ایف کے سامنے پیش ہوکر پاکستان کاموقف پیش کروں گا ، سری لنکن میچ ریفری کے فیصلے پر دنیا بھر کے ٹینس کھلاڑی حیران ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔قومی ٹینس اسٹار نے کہا کہ میانمر میں ہونے ولی ڈیوس ایشیا اوشیانا زون ٹائی کا میزبان پاکستان تھا اس لیے گرائونڈ تیار کر نا ہمارا حق تھا لیکن حیران کن طور پر میچ ریفری نے دونوں ٹیموں کو اعتماد میں لیے بغیر کورٹ پر موجود گھاس کٹوا دی اور میچ کے دوران میدان کا معمولی سا حصہ خراب ہونے پر ٹیموں سے پوچھے بغیر میچ کا فیصلہ نیوزی لینڈ کے حق میں کردیا۔

اعصام الحق نے کہا کہ کیویز یقینی شکست کو دیکھتے ہو ئے دبائو کا شکار تھے اس لیے انہوں نے اس سارے معاملے پر کسی ردعمل کا مظاہرہ نہیں کیا ہم آئی ٹی ایف سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اس میچ کو چاہے دوبارہ نہ کروائے بلکہ جہاں پر میچ رکا تھا وہیں سے دوبارہ شروع کر وادیا جائے۔


ٹینس اسٹار نے کہا کہ میں لند ن جارہاہوں اورخود جاکر آئی ٹی ایف کے سامنے پیش ہو کر پاکستان کا موقف پیش کروں گا اور امید ہے کہ وہ ہمارا موقف غور سے سنیں گے اور کھیل کی بہتری میں فیصلہ کریں گے اگر آئی ٹی ایف ہمارا موقف تسلیم نہیں بھی کرتی تو کم از کم ہمارا احتجاج ضرور ریکارڈ پر آجائے گا۔



میچ ریفری کی طرف سے کیے جانے والے فیصلے کو میچ فکسنگ کا شاخسانہ ہونے کے سوال پر اعصام الحق نے کہا کہ میں اس بارے میں کوئی بات نہیں کر سکتا تاہم ریفری کا اس انداز میں فیصلہ کر نا ہمارے لیے حیران کن تھا اور یہ ٹینس کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا انوکھا فیصلہ ہے ریفری کے اس فیصلے پر دنیا بھر کے ٹینس کھلاڑی حیرانگی کا اظہار کر رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ اس ٹائی میں کامیابی سے پاکستان پہلی مر تبہ اس پوزیشن میں آجاتا کہ وہ ڈیوس کپ گروپ ون کے لیے کوالیفائی کر جاتا مگر یوں محسوس ہوتا ہے کہ سازش کے تحت پاکستان کو گروپ ون میں جانے سے روکا گیا ہے۔

اس موقع پر ٹیم کے نان پلیئنگ کپتان محمد خالد نے کہا کہ سری لنکن میچ ریفری نے ہمیں میچ سے قبل بتایا کہ اس کو گراس کورٹ کا تجر بہ نہیں ہے اس لیے میری مدد کریں، ایک رات قبل ریفری نے ہمیں کورٹ ٹھیک ہونے کی رپورٹ دی اور حیران کن طور پر صبح خود ہی کورٹ پر سے گھاس اڑوادی اور ہیوی رولر کروادیا جس سے کورٹ کا کچھ حصہ خراب ہو گیا۔
Load Next Story