الیکشن میں سیکیورٹی امور موثر بنائے جائیںشرف الدین

ضابطہ اخلاق پر عمل کیلیے اقدامات کرینگے،جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا ہے.

سی پی او میں معاون خصوصی کی آئی جی سندھ اور پولیس حکام سے ملاقات. فوٹو: فائل

نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ سندھ شرف الدین میمن نے کہا ہے کہ صوبے میں آزادانہ ، منصفانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد نگراں حکومت کی اہم ذمے داری ہے۔

انھوں نے الیکشن سال 2013 کے ضمن میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے تمام تر اقدمات اختیار کرنے پر زور دیا ہے،وہ گزشتہ روز سینٹرل پولیس آفس میں آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ اور دیگر سینئر پولیس افسران سے ملاقات کررہے تھے۔




انھوں نے کہا کہ تیار کردہ حکمت عملی کے تحت عام انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں و رائے دہندگان کی سیکیورٹی کے جملہ امور کو موثر اور مربوط بنایا جائے،شرف الدین میمن نے کہا کہ پر امن اور خوشگوار ماحول میں عام انتخابات کے انعقاد کے لیے نگراں حکومت تمام تر کاوشوں کے تحت پولیس ، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور متعلقہ محکموں سے باقاعدہ روابط کے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔

الیکشن 2013 کے لیے نگراں حکومت سندھ نے جامع سیکیورٹی پلان تیار کیا ہے جس کے تحت سیکیورٹی کے جملہ امور میں سول ڈیفنس کے رضاکار ، محکمہ جنگلات کے گارڈز ، اینٹی کرپشن پولیس ، ایکسائز پولیس اور پولیس کے قومی رضاکار پولیس کو بیک اپ سپورٹ دیں گے۔
Load Next Story