زرداری اتحاد بنانے کے ماہر نواز شریف عاری ہیں پرویز الٰہی

ق لیگ اور پیپلزپارٹی کے الائنس میں بہت مشکلات آئیں،40 سالہ مخالفت ختم کرنے کیلیے ہم نے بہت محنت کی،سابق نائب وزیراعظم

قمرکائرہ،تنویر کائرہ اور چوہدری اعجازرنیاں کی حمایت کا اعلان، 87قومی اور180 صوبائی حلقوں پر معاملات طے کرلیے، کامل آغا۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ(ق) اور پیپلزپارٹی میں تقریباً 90 فیصد نشستوں پر ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے پاگئے ہیں جبکہ ق لیگ گجرات میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے106میں قمر زماں کائرہ، صوبائی نشستوں پی پی112 پر تنویر اشرف کائرہ اور پی پی113پر چوہدری اعجاز آف رنیاں کی بھرپور حمایت کرے گی۔

ق لیگ کے مرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی نے نت ہائوس گجرات میں دونوں پارٹیوں کے اجلاس کے بعد کہا کہ صدر زرداری اتحاد بنانے اور نبھانے کے ماہر ہیں جبکہ نواز شریف اس ہنر سے عاری ہیں۔ اجلاس میں ق لیگ کی طرف سے چوہدری پرویزالٰہی، چوہدری وجاہت حسین، میاں عمران مسعود جبکہ پیپلزپارٹی کے قمر زماں کائرہ، تنویر کائرہ، معین کائرہ، ضیا محی الدین، محمد شریف، مہدی خان اور دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔

چوہدری پرویزالٰہی نے اجلاس کے بعد کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ ق لیگ اور پی پی کا الائنس اس وقت ہوا جب ملک سیاسی مشکلات کا شکار تھا، ہم چاہتے تھے کہ پیپلزپارٹی اپنا 5 سالہ دور مکمل کرے، ہمارے اتحاد کا مقصد پیپلزپارٹی کو بلیک میل ہونے سے بچانا اور ملکی حالات سنوارنا تھا، اب تک دونوں جماعتیں ساتھ ہیں، عام انتخابات میں بھی انھوں نے ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ق لیگ اور پیپلزپارٹی کے الائنس میں بہت مشکلات آئیں لیکن مل بیٹھ کر ان کا حل نکالا گیا، 40 سال کی مخالفت کو ختم کرنے کیلئے ہم نے بہت محنت کی۔




انھوں نے کہا کہ میری تمام دوستوں اور ساتھیوں سے گزارش ہے کہ وہ پارٹی فیصلہ کے تحت قمر زماں کائرہ، تنویر اشرف کائرہ اور چوہدری اعجاز آف رنیاں کی بھرپور حمایت کریں۔

اسلام آباد میں ایکسپریس سے گفتگو میں ق لیگ کے سیکریٹری اطلاعات کامل علی آغا نے بتایا کہ ق لیگ اور پیپلزپارٹی کے درمیان انتخابی اتحاد کے حوالے سے کچھ معالات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور وسطی پنجاب کے قومی اسمبلی کے87 جبکہ صوبائی اسمبلی کے180 کے قریب حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے معاملات طے کیے گئے ہیں ۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ کہ جن حلقوں میں اتفاق ہوگیا ہے وہا ں قاف لیگ کے حلقوں سے امیدواروں کو دستبردار کرالیاجائیگا اور پارٹی امیدوار کاغذات واپس لے لیں گے ۔

Recommended Stories

Load Next Story