پاکستان اور آسٹریلیا زمبابوے کو میدان جنگ بنائیں گے

ٹی 20سپر پاورزجولائی میں میزبان کی شمولیت سے ٹرائنگولر سیریز کھیلیں گی

گرین شرٹس کا زمبابوین ٹیم سے 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں بھی مقابلہ ہوگا فوٹو : فائل

ٹی 20 کی سپر پاورز پاکستان اور آسٹریلیا زمبابوے کو میدان جنگ بنائیں گی۔

جولائی میں میزبان ملک کی شمولیت سے مختصر ترین فارمیٹ کی ٹرائنگولر سیریز کھیلی جائیگی، یکم جولائی سے شروع ہونے والی معرکہ آرائی کا فیصلہ کن مقابلہ 8 تاریخ کو ہوگا، گرین شرٹس بعد میں میزبان ٹیم سے 5 ون ڈے میچز کی سیریز بھی کھیلیں گے۔


تفصیلات کے مطابق زمبابوے جولائی میں پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹوئنٹی 20 ٹرائنگولر سیریز کیلیے میزبانی کریگا، اس وقت مختصرترین فارمیٹ کی عالمی رینکنگ میں گرین شرٹس پہلے اور کینگروز دوسرے نمبر پر موجود ہیں، دونوں کو اس طرز میں سپر پاورز کی حیثیت حاصل اور زمبابوے بڑی ٹیموں کی میزبانی کے حوالے سے بہت ہی پُرجوش ہے۔ اس کے بعد پاکستان میزبان سائیڈ سے پانچ ون ڈے میچز بھی کھیلے گا۔ ٹرائنگولر سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں ہونگے جبکہ ون ڈے سیریز کی میزبانی بولاوایو کا کوئنز اسپورٹس کلب کرے گا۔

زمبابوے کرکٹ کے مینجنگ ڈائریکٹر فیصل حسنین نے کہاکہ کئی ماہ کی گفت و شنید کے بعد ہم یہ تصدیق کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہے ہیں کہ پاکستان اور آسٹریلیا کیساتھ ٹوئنٹی 20 ٹرائنگولر سیریز اور پھرگرین شرٹس سے ون ڈے سیریز کی میزبانی کرنے والے ہیں۔ واضح رہے کہ یکم جولائی کو ابتدائی میچ پاکستان اور زمبابوے میں ہوگا،اگلے روز گرین شرٹس آسٹریلوی ٹیم کا سامنا کرے گے۔ ہر ٹیم راؤنڈ روبن فارمیٹ میں چار میچز کھیلے گی جبکہ 2ٹاپ سائیڈز کے درمیان 8 جولائی کو فائنل ہوگا۔

پاکستان اور زمبابوے میں ون ڈے سیریز کا آغاز 13 جولائی سے ہوگا، باقی میچز بالترتیب 16، 18، 20 اور 22 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔ یاد رہے کہ آسٹریلیا نے آخری مرتبہ زمبابوے کا ٹور 2014 میں کیا تھا، اسٹیون اسمتھ اور ڈیوڈ وارنر پر بال ٹیمپرنگ اسکینڈل میں ایک، ایک برس کی پابندی کے بعد اس سیریز میں کینگروزکی قیادت نئے کپتان کریں گے۔ دوسری جانب زمبابوے کو بھی اندورنی بحران کا سامنا ہے، بورڈ ورلڈ کپ کوالیفائرز میں ناکامی پر اپنے کوچنگ اسٹاف ، چیف سلیکٹر اور کپتان گریم کریمر کو فارغ کرچکا ہے۔
Load Next Story