پیپلزپارٹی بھرپورانتخابی مہم چلائے گی قائم علی شاہ

گائوں گائوں جاکرعوام سے رابطہ کریگی، مخالفین کے جھوٹے پروپیگنڈے کاجواب دیا جائیگا

صوبائی الیکشن سیل کااجلاس،عام انتخابات کی تیاری پرتبادلہ خیال ،حکمت عملی مرتب ۔ فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی سندھ کے الیکشن سیل کااجلاس صوبائی صدر سید قائم علی شاہ کی زیرصدارت ان کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا ۔

جس میں تاج حیدر، این ڈی خان، رخسانہ زبیری، لال بخش بھٹو، حبیب الدین جنیدی، وقار مہدی، لطیف مغل اور شمع مٹھانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں 11مئی کو منعقد ہونے والے عام انتخابات کی تیاری کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور حکمت عملی مرتب کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں صوبے کی خدمت کی ہے،ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بینظیر بھٹو شہید کے نظریات فکر اور منشور پرعملدرآمد کیا ہے۔




2010ء کے سیلاب اور2011ء کی بارشوں سے متاثرہ ڈیڑھ کروڑ عوام کی دوبارہ بحالی کے لیے دن رات کام کیا اوردوبارہ ان کی آبادکاری کی گئی، ایک لاکھ 65 ہزار بیروزگاروں کو روزگار فراہم کیا اور2 لاکھ سے زیادہ بے روزگاروں کو ووکیشنل ٹریننگ بمعہ وظیفہ دے کر اپنے پائوں پرکھڑا کیا اور روزگار کے مواقع فراہم کیے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی بھرپورانتخابی مہم چلائے گی اور گائوں گائوں محلہ محلہ جا کر عوام سے رابطہ کریگی۔ انھوں نے کہا کہ موثر میڈیا کمپین کے ذریعے مخالفین کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کا جواب دیا جائے گا۔
Load Next Story