ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی 2 بھارتی ایتھلیٹس کو واپسی کا پروانہ جاری

حالیہ کامن ویلتھ گیمز میں بھارتی ٹیم کی جانب سے 2 بار اس پالیسی کی خلاف ورزی ہوئی۔

حالیہ کامن ویلتھ گیمز میں بھارتی ٹیم کی جانب سے 2 بار اس پالیسی کی خلاف ورزی ہوئی۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے شہر گولڈ کوسٹ میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں شریک 2 بھارتی ایتھلیٹس کو نونیڈل پالیسی یعنی انجکشن کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر واپسی کا پروانہ جاری کر دیا گیا۔

منتظمین نے ٹرپل جمپر راکیش بابو اور ریس واکر عرفان کولوتھم تھودی کے اجازت نامے منسوخ کردیے،انھیں پہلی دستیاب فلائٹ سے اپنے ملک واپس جانے کاکہا گیا ہے۔


یاد رہے کہ حالیہ کامن ویلتھ گیمز میں بھارتی ٹیم کی جانب سے 2 بار اس پالیسی کی خلاف ورزی ہوئی، صفائی کرنے والے عملے کے ایک اہلکار کوکمرے میں ٹیبل پر موجود ایک کپ میں سرنج ملی تھی، ایک آسٹریلوی اینٹی ڈوپنگ اہلکار نے بابو کے بیگ سے سرنج برآمد کی۔

گزشتہ روز سماعت کے دوران کامن ویلتھ گیمز کے صدر لوئز مارٹن نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے ناقابل اعتبار اور ٹال مٹول کرنے والے ثبوت فراہم کیے ہیں، جب ہم نے کہا کہ کوئی رعایت نہیں تو اس کا مطلب یہی ہے، دونوں ایتھلیٹس کو معطل کرکے باہر نکال دیا گیا ہے، راکیش اور عرفان نے سرنجوں کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ 3 اپریل کو ایک بیمار باکسر کو وٹامن کا بلا اجازت انجیکشن لگانے پر بھارتی آفیشلزکی سرزنش بھی ہوئی تھی۔
Load Next Story